ولی حامد خان کی پہلی بار سابق اہلیہ نور بخاری سے متعلق گفتگو
مقبول گلوکار ولی حامد خان نے طلاق کے 8 سال بعد پہلی بار عوامی سطح پر سابق اہلیہ نور بخاری کے حوالے سے مختصر بات کرتے ہوئے انہیں اچھی دوست قرار دے دیا۔
ولی حامد اور نور بخاری کے درمیان ستمبر 2017 میں طلاق ہوگئی تھی، دونوں 2015 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
نور بخاری نے شوہر سے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، جہاں ولی حامد علی خان نے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ اپنی بیوی سے بہت محبت کرتے ہیں اور کسی صورت طلاق نہیں دینا چاہتے۔
انہوں نے عدالت میں یہ بھی کہا تھا کہ نور بخاری کی جو بھی شرائط ہوں گی وہ اسے ماننے کو تیار ہیں، تاہم اداکارہ نے عدالت میں کہا تھا کہ انہیں ہر صورت میں طلاق چاہیے۔
عدالتی فیصلے سے قبل نور بخاری نے مارچ 2017 میں شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا، جس پر ولی حامد علی خان نے میڈیا سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کی اہلیہ سے متعلق غلط خبریں پھیلانے سے گریز کرے۔
اب طلاق کے 8 سال بعد انہوں نے ایک ٹی وی شو میں سابق اہلیہ سے متعلق مختصر بات کی، جس پر ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
ولی حامد خان نے ’سنو ٹی وی‘ کے پروگرام میں دیگر معاملات پر بھی بات کی اور انہوں نے حسن رحیم اور شمعون اسماعیل جیسے گلوکاروں کو لائیو پرفارمنس نہ کرنے پر انہیں اچھا گلوکار ماننے سے انکار کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان گلوکاروں کو راگ اور موسیقی کا کوئی علم نہیں، وہ الیکٹرانک میوزک پر پرفارمنس کرتے ہیں، وہ گانوں کی مشق بھی نہیں کرتے۔
انہوں نے نمرہ مہرہ، آئمہ بیگ اور طلحہ انجم کو اچھے گلوکار قرار دیا، ساتھ ہی انہوں نے مومنہ مستحسن کی بھی تعریفیں کیں۔
ایک سیگمنٹ میں جب ان سے مختلف اداکاراؤں کی خوبصورتی، ٹیلنٹ اور شخصیت سے متعلق رائے مانگی گئی تو انہوں نے ماہرہ خان کو خوبصورت، میرا کو ذہین اور ثنا نواز کو دوست قرار دیا۔
اسی سیگمنٹ میں انہوں نے کہا کہ صبا قمر بہترین اداکارہ ہیں جب کہ نور بخاری بہترین دوست ہیں اور وہ انہیں 10 میں سے 8 نمبر دیں گے۔
انہوں نے سابق اہلیہ کے حوالے سے مزید کوئی بات نہیں کی، البتہ انہوں نے انہیں بہترین دوست قرار دیا۔












لائیو ٹی وی