منیبہ مزاری اقوام متحدہ کی ’پائیدار ترقی کے اہداف‘ کی وکیل مقرر
سماجی کارکن اور اقوام متحدہ ویمن کی نیشنل گُڈ وِل ایمبیسیڈر منیبہ مزاری کو اقوام متحدہ کی پائیدار ترقی کے اہداف کی ایڈووکیٹ مقرر کیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ ویمن نے اپنے اعلامیے میں بتایا کہ منیبہ مزاری کی تقرری، پاکستان اور عالمی سطح پر صنفی مساوات اور سماجی انصاف کو فروغ دینے کے لیے ان کی کوششوں کے اعتراف میں کی گئی ہے۔
اس تقرری کے بعد منیبہ مزاری عالمی رہنماؤں اور اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیات کے ایک گروپ میں شامل ہوں گی، جن میں باربیڈوس کی وزیراعظم میا موٹلی اور بیلجیئم کی ملکہ میتھیلڈا بھی شامل ہیں۔
یہ گروپ 2030 کے ایجنڈا برائے پائیدار ترقی کے لیے آگاہی فراہم کرنے، عملی اقدامات کی ترغیب دینے اور اس کی حمایت حاصل کرنے پر کام کرے گا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے خط میں منیبہ مزاری کی متاثر کن قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ متعدد افراد کے لیے تحریک اور صنفی مساوات پر ایک نمایاں آواز کے طور پر پہچانی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ میں ان کی بے شمار کامیابیوں اور برابری کے لیے ان کی غیر متزلزل کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی صلاحیت، اثرورسوخ اور اس پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے پائیدار ترقی کے اہداف کو عالمی توجہ اور عملی اقدامات کا مرکز بنائیں۔
اپنی تقرری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے، مزاری نے کہا کہ مجھے ایس ڈی جی وکیل کے طور پر نامزد کیے جانے پر فخر محسوس ہو رہا ہے، یہ صرف ایک عہدہ نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے کہ میں اپنی آواز اُن کے لیے استعمال کروں جن کی بات اب تک نہیں سنی گئی۔
یاد رہے کہ منیبہ مزاری کو 2015 میں پاکستان کی پہلی خاتون گُڈ وِل ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا تھا تاکہ خواتین اور بچیوں کی بااختیار بنانے اور یکساں حقوق کے لیے منظم کردار ادا کر سکیں۔












لائیو ٹی وی