ایشیا کپ 2025: پاک-بھارت مقابلے سمیت دیگر میچز کے ٹکٹس فروخت کے لیے دستیاب
ایمرٹس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ایشیا کپ 2025 کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت کا اعلان کر دیا ہے۔
ایمرٹس کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر میگا ایونٹ کے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پاک–بھارت مقابلہ سمیت دیگر میچز کے ٹکٹس فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔
ای سی بی کے مطابق، ابوظہبی میں ہونے والے میچز کے ٹکٹس کی کم سے کم قیمت 40 درہم (تقریبا 3 ہزار پاکستانی روپے) سے شروع ہو گی، جب کہ دبئی میں شیڈول میچز کے ٹکٹس کی کم سے کم قیمت 50 درہم (تقریبا 3 ہزار 8 سو پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔
ایمرٹس کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں شیڈول مقابلے سمیت 7 میچز کے ٹکٹس کا پیکج 1400 درہم (تقریبا ایک لاکھ 7 ہزار پاکستانی روپے) سے شروع ہوگا۔
خیال رہے کہ اس پیکج میں بھارت اور یو اے ای کے درمیان 10 ستمبر کو شیڈول میچ، پاک-بھارت ٹاکرا 14 ستمبر، اس کے علاوہ سپر فور مرحلے کے 4 میچز اور 28 ستمبر کو فائنل مقابلہ شامل ہے۔ یہ تمام میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
تاہم باقی میچز کے لیے شائقین کو الگ الگ ٹکٹس خریدنے کی سہولت بھی ہوگی، جو 7 میچز کے اس پیکیج میں شامل نہیں ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ آنے والے دنوں میں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم اور ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم کے ٹکٹ دفاتر سے بھی ٹکٹس دستیاب ہوں گے، جن کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔













لائیو ٹی وی