کراچی: پولیس افسر کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار
پولیس نے کراچی کے علاقے بن قاسم میں ایک پولیس افسر کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر ڈاکٹر عبد الخالق پیرزادہ نے ڈان کو بتایا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ اس افسر کے ایک ’پولیس مقابلے‘ میں شامل ہونے سے جڑی ہے، جس میں گرفتار ملزم بھی اس گروہ کا رکن تھا۔
ڈاکٹر عبد الخالق پیرزادہ نے بتایا کہ 18 اگست کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) محمد ابڑو شاہ ٹاؤن میں اپنے گھر کے باہر گاڑی سے اترتے، تو انہیں گولی مار کر قتل کر دیا گیا، جو اسٹیل ٹاؤن تھانے میں تعینات تھے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پولیس افسر کا کہنا تھا کہ نامعلوم ملزمان کے خلاف دہشت گردی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہونے کے بعد تفتیش کا آغاز کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک ’بلائنڈ کیس‘ تھا، جسے پولیس نے غلام قادر لاشاری نامی مشتبہ ملزم کو گرفتار کرکے حل کر لیا۔
ممکنہ محرک کے بارے میں ایس ایس پی ڈاکٹر عبد الخالق پیرزادہ نے کہا کہ حال ہی میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان ایک مقابلہ ہوا تھا، جس میں مقتول افسر شامل تھے جبکہ گرفتار ملزم اس جرائم پیشہ گروہ کا رکن تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم نے اس کیس میں اپنے ملوث ہونے کا ’اعتراف‘ کر لیا اور باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم کو بن قاسم کے علاقے سے تکنیکی اور انسانی انٹیلی جنس ذرائع استعمال کرکے گرفتار کیا گیا۔
واضح رہے کہ 18 اگست کو کراچی کے بن قاسم ٹاؤن میں مبینہ ٹارگٹڈ حملے میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس افسر کو قتل کردیا تھا۔
بن قاسم پولیس کے ایس ایچ او فیصل رفیق نے ڈان کو بتایا تھا کہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد خان ابڑو ایک کار میں سفر کر رہے تھے، جیسے ہی وہ اپنے گھر کے باہر گاڑی سے اترے، موٹر سائیکل پر سوار مسلح حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔
اے ایس آئی محمد خان ابڑو کو کئی گولیاں لگیں اور وہ شدید زخمی ہوگئے، انہیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی تھی۔
ایس ایچ او فیصل رفیق نے بتایا تھا کہ یہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ معلوم ہوتا ہے۔












لائیو ٹی وی