• KHI: Partly Cloudy 30.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 29.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 30.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 29.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.6°C

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان اور عادل بازئی بھی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی

شائع August 29, 2025
— فائل فوٹو: قومی اسمبلی
— فائل فوٹو: قومی اسمبلی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان اور عادل خان بازئی نے بھی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سیاسی کمیٹی کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا۔

پی ٹی رہنما علی محمد خان نے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور پارٹی کی ہدایت پر میں نے استعفے پہلے ہی لکھ لیا تھا تاہم اب اپنے ہاتھ سے اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں قائمہ کمیٹی برائے قانون، انسانی حقوق اور پارلیمانی آفیئرز کے استعفے جمع کروا رہا ہوں۔

عادل خان بازئی نے بھی ’ایکس‘ پر لکھا کہ عمران خان کے حکم پر میں نے قومی اسمبلی کی تینوں قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا۔

واضح رہے کہ 28 اگست کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی عمران خان کی ہدایت پر قومی اسمبلی کی 4 قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر قانون و انصاف، بزنس ایڈوائزری، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور انسانی حقوق کی کمیٹیوں سے اپنے استعفیٰ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرو ایا تھا۔

قومی اسمبلی کے ڈائریکٹر جنرل میڈیا ظفر سلطان خان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی کے 18 ممبران بشمول بیرسٹر گوہر نے قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دے دیے ہیں۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے 18 ارکان قومی اسمبلی کی 34 قائمہ کمیٹیوں کا حصہ تھے۔

28 اگست کو ہی چیف وہپ عامر ڈوگر نے بھی قومی اسمبلی کی چار مختلف کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر اعلان کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میں اپنے لیڈر عمران خان کے حکم کے عین مطابق قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹیوں سے استعفیٰ پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں عمران خان کا سچا سپاہی ہوں اور کوئی بھی عہدہ میرے لیڈر سے زیادہ معنی نہیں رکھتا، میری سیاست کا مقصد صرف اور صرف عمران خان کا مشن، پاکستان کی حقیقی آزادی اور عوام کی خدمت ہے۔

قبل ازیں، 27 اگست کو پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر اور ثنا اللہ مستی خیل سمیت دیگر اراکین قومی اسمبلی نے اسٹینڈنگ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر نے ڈان نیوز کو استعفیٰ دینے کی تصدیق کی تھی۔

اپنے بیان میں جنید اکبر نےکہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سیاسی کمیٹی کی ہدایات پر استعفیٰ دیا۔

قبل ازیں، پی ٹی آئی کے ایم این اے زرمحمد خان، فضل محمد خان، علی اصغر خان، فیصل امین خان، محمد اقبال خان آفریدی اور مولانا نسیم علی شاہ نے بھی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

خیال رہے کہ 26 اگست کو بانی پاکستان تحریک انصاف ، عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے اور پارلیمنٹ کی تمام کمیٹیوں سے مستعفیٰ ہونے کی ہدایت کی تھی۔

27 اگست کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے پارٹی کو ہدایات دی ہیں کہ پارلیمنٹ کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہوجائے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ عمران خان نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے بیرسٹر گوہر خان اور سلمان اکرم راجا کو ہدایات دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں ضمنی انتخابات میں حصہ لے کر ان انتخابات کو قانونی جواز فراہم نہیں کرنا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026