پشاور میں شدید بارش کے باعث اربن فلڈنگ کی صورتحال، ڈی جی پی ڈی ایم اے کا متاثرہ علاقوں کا دورہ
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور ملحقہ علاقوں میں شدید بارش کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی، بارش کے بعد شاہین کالونی ورسک روڈ، ریگی بالا، ناصر باغ اور ملحقہ علاقے زیرآب آگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق پشاور اور گردونواح میں علی الصبح گرچ چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئ، جس سے سے شہر سمیت نواحی علاقے زیرآب، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
جی ٹی روڈ، اشرف روڈ، کوہاٹی، ہشتنگری، سکندرپورہ، گلہار، ورسک روڈ، ناصر باغ روڈ،ریگی ماڈل ٹاون سمیت دیگر علاقے زیرآب آ گئے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش چِراٹ میں 165 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، پشاور شہر میں 41 ملی میٹر اور ایئرپورٹ کی حدود میں 35 ملی میٹر بارش ہوئی۔
بارش کا سلسلہ صوبے بھر میں 3 سے 4 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادھر، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا اسفندیار خٹک نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور عوام کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پشاور اور ملحقہ علاقوں میں کل کی شدید بارش کے باعث پشاور میں اربن فلڈنگ کی صورتحال ہے جس کے باعث پشاور کے کئی علاقے زیرِ آب آگئے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا اسفندیار خٹک نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے مقامی متاثرہ آبادی سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متاثرہ مقامات پر ریسکیو اور نکاسی آب سے متعلق جاری آپریشنزکا جائزہ لیا۔
مزید کہا گیا کہ ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے پشاور میں اربن فلڈنگ سے متاثرہ مقامات جاری کلیئرنس آپریشن اور ریسکیو سرگرمیوں کی نگرانی کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ پی ڈی ایم اے کی ہدایت پر 50 سے زائد ڈی واٹرنگ پمپس مشینری مختلف مقامات پر تعینات ہیں جب کہ پی ڈی ایم اے کی ڈی واٹرنگ مشینیں متاثرہ علاقوں میں متحرک ہے اور متاثرہ مقامات سے پانی کی نکاسی کے لیے مشینری مصروفِ عمل ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ اسفندیار خٹک کی ہدایت پر محکمے اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو متاثر علاقوں میں پانی کی نکاسی کا عمل تیز کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مزید کہا گیا کہ ڈی جی ریسکیو، ڈی جی پی ڈی ایم اے کے ہمراہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ دونوں افسران کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کی مشترکہ نگرانی جاری ہے۔














لائیو ٹی وی