اپر دیر: دہشت گردوں کے حملے میں ایف سی کے 3 اہلکار شہید

شائع August 31, 2025
—فائل فوٹو/ رائٹرز
—فائل فوٹو/ رائٹرز

خیبر پختونخوا کے ضلع اپر دیر میں دہشت گردوں کے حملے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کم از کم 3 اہلکار شہید ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اپر دیر کی تحصیل براول میں باڑہ رائفلز کی 163 ونگ پر عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

افغانستان کی سرحد سے چند سو میٹر کے فاصلے پر قائم یہ چیک پوسٹ ابتدائی طور پر عسکریت پسندوں کے قبضے میں چلی گئی تھی تاہم مقامی رضاکاروں کی مدد سے جوابی کارروائی میں انہیں پیچھے دھکیل دیا گیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 3 فوجی جوان شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، عسکریت پسندوں کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم ان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خیبر پختونخوا کے سرحدی اضلاع میں عسکریت پسندانہ سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور حالیہ ہفتوں میں سیکیورٹی اہلکار اور عام شہری بڑھتے ہوئے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں، جس سے مقامی آبادی میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 8 فروری 2026
کارٹون : 7 فروری 2026