• KHI: Partly Cloudy 21.8°C
  • LHR: Clear 15.2°C
  • ISB: Clear 12.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.8°C
  • LHR: Clear 15.2°C
  • ISB: Clear 12.2°C

’روسی جی پی ایس جیمنگ‘ نے یورپی یونین کی صدر کے طیارے کو نشانہ بنایا، ترجمان

شائع September 1, 2025
— فوٹو: سی این این
— فوٹو: سی این این

یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لائن کو لے جانے والا طیارہ اتوار کے روز بلغاریہ میں لینڈنگ کی کوشش کے دوران جی پی ایس نیویگیشن جیمنگ کا نشانہ بنا۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق یورپی کمیشن کی نائب ترجمان اریانا پوڈیسٹا نے کہا کہ ’کمیشن کو بلغاریہ کے حکام سے یہ اطلاع ملی کہ ان کے مطابق یہ مداخلت مبینہ طور پر روس کی جانب سے کی گئی۔

ترجمان کے مطابق طیارہ محفوظ طریقے سے لینڈ کر گیا، سی این این کو اس معاملے سے واقف ایک ذریعے نے بتایا کہ پائلٹس نے کاغذی نقشے استعمال کرتے ہوئے طیارہ اتارا۔

سی این این کے مطابق ارسلا فان ڈیر لائن اور کمیشن یوکرین کے پُرزور حمایتی رہے ہیں کیونکہ کیف روس کے خلاف دفاعی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، وہ اُن یورپی رہنماؤں میں شامل ہیں، جنہوں نے گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یوکرین سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی اور وہ مسلسل یورپی یونین کے رکن ممالک پر زور دیتی رہی ہیں کہ یوکرین کی مدد کے لیے زیادہ وسائل مختص کریں۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یورپی یونین کی صدر جنوبی بلغاریہ کے پلَوڈیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنے ہی والی تھیں، یہ ان کے مشرقی رکن ممالک کے دورے کا حصہ تھا تاکہ یوکرین کے لیے حمایت حاصل کی جا سکے۔

اریانا پوڈیسٹا نے سی این این کو بتایا کہ ’یہ واقعہ صدر کے موجودہ دورے کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتا ہے، جہاں وہ روس اور اس کے پراکسیز کی جانب سے روزمرہ کے خطرات کو قریب سے دیکھ رہی ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک چارٹر پرواز تھی اور یہ واضح نہیں کہ حملہ آوروں نے براہِ راست اسی کو نشانہ بنایا تھا یا نہیں۔

سی این این نے بلغاریہ کے حکام سے اس معاملے پر مؤقف طلب کیا ہے جبکہ روس سے بھی ان الزامات پر تبصرہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

سکینڈینیوین اور بالٹک ریاستوں کے حکام بارہا کہہ چکے ہیں کہ روس اس خطے میں مسلسل جیمنگ کر رہا ہے، جون 2024 سے شروع ہونے والے چھ ماہ کے عرصے میں پولینڈ اور جرمنی کے محققین کی ایک ٹیم نے جی پی ایس مداخلتوں کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد نتیجہ اخذ کیا تھا کہ اس کے پیچھے بھی روس ہی ہے، اور ماسکو اس مقصد کے لیے اپنے ’شیڈو فلیٹ‘ جہازوں اور کالینن گراڈ کے علاقے کو استعمال کر رہا ہے۔

یورپی یونین اس سے قبل کئی روسی ریاستی اداروں اور شخصیات پر جیمنگ واقعات کے پیچھے ہونے کے الزام میں پابندیاں عائد کر چکی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ’یہ ہمارے اس غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرے گا کہ ہم اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کریں اور یوکرین کی حمایت جاری رکھیں۔‘

کارٹون

کارٹون : 4 فروری 2026
کارٹون : 3 فروری 2026