اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں طغیانی کا الرٹ جاری

شائع September 1, 2025
فائل فوٹو: اےپی پی
فائل فوٹو: اےپی پی

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، نالہ لئی میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا، ریسکیو اہلکار نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق جڑواں شہروں، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، اور اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 8 میں 95 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

اسی طرح وفاقی دارالحکومت کے سیکٹرجی 11 میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، دوسری جانب راولپنڈی کے نالہ لئی میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نالہ لئی کے اطراف رہنے والے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں بارشوں کے پیش نظر ریسکیو 1122 راولپنڈی ہائی الرٹ ہے اور ریسکیو اہلکار نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقوں میں تعینات کردیے گئے۔

ترجمان کے مطابق ریسکیو اہلکار کٹاریاں، گوال منڈی اور دیگر نشیبی علاقے میں تعینات کیے گئے ہیں، بارشوں کے دوران ریسکیو اہلکار مسلسل ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔

ترجمان ریسکیو 1122 نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام مون سون موسم کے دوران انتہائی احتیاط برتیں، اور والدین دوران بارش بچوں کو نالہ لئی اور بجلی کے کھمبوں کے پاس ہر گز نہ جانے دیں۔

ترجمان نےمزید کہا ہے کہ شہری اربن فلڈنگ سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور بارش کے دوران کمزور اور خستہ حال چھتوں کے نیچے نہ جائیں۔

مزید کہا کہ شہری ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں اور شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے خطرات کے پیش نظر سیاحتی مقامات پر نہ جائیں۔

دریں اثنا، مینیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی ( واسا ) راولپنڈی نے کہا ہے کہ نالہ لئی سمیت تمام نالوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور عملہ بھاری مشینری کےساتھ فیلڈ میں موجود ہے۔

ایم ڈی واسا کے مطابق بارش کو مانیٹر کر رہے ہیں، تمام ضروری انتظامات کرلیے گئے ہیں اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم تا 3 ستمبر تک شدید موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

این ڈی ایم اے کی جانب سےایکس اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ اسلام آباد، مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک، منڈی بہاء الدین ، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025