بھارت نے ٹیرف صفر کرنے کی پیشکش کی ہے، لیکن اب وقت گزر چکا، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت نے امریکی مصنوعات کی درآمدات پر ٹیرف صفر کرنے کی پیش کش کی ہے، لیکن اب وقت گزر چکا ہے، انہیں ایسا بہت پہلے کرنا چاہیے تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بات بہت کم لوگ یہ بات سمجھتے ہیں کہ ہمارا بھارت کے ساتھ کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے، لیکن وہ ہمارے ساتھ بہت زیادہ کاروبار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے الفاظ میں، وہ ہمیں بڑے پیمانے پر اشیاء فروخت کرتے ہیں، ہم ان کے سب سے بڑے ’کلائنٹ‘ ہیں، لیکن ہم انہیں بہت کم چیزیں برآمد کرتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اب تک یہ ایک یکطرفہ تعلق رہا ہے، اور کئی دہائیوں سے ایسا ہی ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ بھارت نے اب تک ہم پر اتنے زیادہ ٹیرف عائد کیے ہیں، جو کسی بھی ملک کے مقابلے سب سے زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنیاں بھارت میں کچھ بیچ ہی نہیں سکتیں، یہ مکمل طور پر یکطرفہ تباہی رہی ہے!
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ دوسری طرف، بھارت اپنی تیل اور فوجی مصنوعات امریکا سے بہت کم جبکہ روس سے بہت زیادہ خریدتا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ اب انہوں نے پیشکش کی ہے کہ وہ اپنے ٹیرف صفر تک کم کر دیں گے، لیکن اب وقت گزر چکا ہے، یہ انہیں برسوں پہلے کرنا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ 30 اگست کو امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجارتی کشیدگی کے باعث بھارت کا دورہ منسوخ کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق صدر کے شیڈول سے واقف افراد نے بتایا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک وقت میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’ایک سچا دوست‘ کہا تھا، لیکن اب تعلقات میں شدید اختلافات ہیں۔
مزید بتایا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے نریندر مودی کو بتایا تھا کہ وہ اس سال کے آخر میں کواڈ سمٹ کے لیے بھارت جائیں گے، لیکن اب وہ خزاں میں بھارت جانے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتے۔
یاد رہے کہ امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی مذاکرات ناکام ہو گئے تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ اضافی 25 فیصد ڈیوٹی ، جس کی تصدیق ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کے نوٹس میں کی گئی ہے، کے بعد بھارتی مصنوعات پر مجموعی ٹیرف 50 فیصد تک پہنچ گیا ہے، جو واشنگٹن کی سب سے زیادہ شرحوں میں سے ایک ہے، یہ اقدام نئی دہلی کی جانب سے روسی تیل کی خریداری میں اضافے کے خلاف انتقامی کارروائی ہے۔











لائیو ٹی وی