• KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.9°C

’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ 4 ستمبر کو امدادی سامان لے کر غزہ کیلئے روانہ ہو گا

شائع September 3, 2025
— فوٹو: الجزیرہ/گلوبل صمود فلوٹیلا
— فوٹو: الجزیرہ/گلوبل صمود فلوٹیلا

’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کا قافلہ امدادی سامان کے ہمراہ تیونس سے 4 ستمبر کو غزہ کے لیے روانہ ہو گا۔

تیونس میں موجود ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ میں پاکستانی دستے کے سربراہ سابق سینیٹر مشتاق احمد نے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ 44 ممالک سے انسانی حقوق کے کارکنان، 70 سے زائد جہازوں اور کشتیوں پر مشتمل قافلے کی صورت میں امداد لے کر غزہ روانہ ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کے 3 اہم مقاصد ہیں، پہلا مقصد، غزہ کے محاصرے کو توڑنا، دوسرا، امداد کے لیے ہیومن کوریڈور قائم کرنا اور تیسرا، غزہ میں جاری نسلی کشی کا خاتمہ کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ہسپانوی زبان میں فلوٹیلا کشتیوں یا بحری جہازوں کے بیڑے کو کہا جاتا ہے جب کہ صمود عربی زبان کا لفظ ہے، جس کا مطلب ’مزاحمت یا استقامت‘ کے ہیں۔

سابق سینیٹر مشتاق احمد نے ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ 4 ستمبر کو ہم تیونس سے غزہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے جبکہ اسپین سے بھی گلوبل صمود فلوٹیلا کا قافلہ غزہ کے لیے روانہ ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے معاملے میں خاموشی اختیار کرنا، نسل کشی کا ساتھ دینے کے مترادف ہے، ایک ہی آپشن ہے کہ ہم اِس مشکل وقت میں غزہ کے ساتھ اور نیتن یاہو کیخلاف کھڑے ہوں۔

انہوں نے کہا ہم رنگ، نسل، زبان اور مذاہب سے بالاتر ہو کر نکلے ہیں، فلسطین کی جنگ، انسانیت کی بقا کی جنگ ہے، گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل لوگ انسانیت کو بچانے کے لیے نکلے ہیں، غزہ کے اندر نسل کشی کی جا رہی ہے، معصوم شہریوں کو بھوک اور بارود سے شہید کیا جا رہا ہے۔

سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کے باہر نکلنے کا مطلب ہے کہ ورلڈ آرڈر، عالمی ریاستیں اور انٹرنیشنل ادارے ناکام ہو گئے ہیں، اس لیے ہم صرف امداد کے ساتھ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر غزہ جا رہے ہیں۔

پاکستانی دستے کے سربراہ نے آخر میں کہا کہ عالمی ریاستوں کو چاہیے کہ وہ غزہ کی ناکہ بندی کو ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کریں، گلوبل صمود فلوٹیلا کو تحفظ فراہم کیا جائے اور مظلوم فلسطینیوں کے لیے امداد کے راستے کھولے جائیں۔

خیال رہے کہ اسپین سے سوئیڈن کی ماحولیاتی مہم کار گریٹا تھنبرگ سمیت انسانی حقوق کے کارکنوں پر مشتمل ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کا ایک قافلہ غزہ کے غیر قانونی محاصرے کو توڑنے کے لیے یکم ستمبر کو روانہ ہوگیا تھا۔

بارسلونا سے روانہ ہونے والے بحری بیڑے میں سیکڑوں لوگ سوار ہیں، جن میں مختلف ممالک کے کارکن شامل ہیں، جن میں آئرش اداکار لیام کننگھم اور اسپین کے ایڈورڈ فرنانڈیز، یورپی قانون ساز، عوامی شخصیات اور بارسلونا کی سابق میئر ادا کولو بھی شامل ہیں۔

فلوٹیلا کے ستمبر کے وسط میں جنگ زدہ ساحلی پٹی میں پہنچنے کی توقع کی جارہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025