افغانستان کے زلزلہ زدگان کیلئے 105 ٹن امدادی سامان روانہ کردیا، نائب وزیراعظم
پاکستان نے افغانستان کے زلزلہ زدگان کے لیے 105 ٹن امدادی سامان روانہ کر دیا۔
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں بتایا کہ’ افغان وزیر خارجہ متقی سے میری ٹیلیفونک گفتگو کے بعد آج حکومت پاکستان نے افغانستان کے لیے 105 ٹن امدادی اشیاء روانہ کی ہیں۔’
واضح رہے کہ طالبان حکام کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق افغانستان میں آنے والے زلزلے میں مجموعی طور پر 1469 افراد جاں بحق اور 3700 سے زائد زخمی ہوئے، اے ایف پی کے مطابق حالیہ زلزلے کو افغانستان میں دہائیوں کے دوران آنے والے سب سے ہلاکت خیز زلزلوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
زلزلے میں سب سے زیادہ (1450 سے زائد) افراد صوبہ کنڑ میں جاں بحق ہوئے، جب کہ قریبی صوبوں ننگرہار اور لغمان میں درجن بھر اموات اور سیکڑوں زخمی رپورٹ ہوئے۔
نائب وزیراعظم کے بیان کے مطابق اس امدادی سامان میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے اشیائے خور و نوش، ادویات، خیمے، کمبل اور گدے شامل ہیں۔
نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار نے کہا کہ ’ہم جاں بحق افراد کے لیے گہری ہمدردی اور دعاؤں کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے خواہاں ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں افغان بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔












لائیو ٹی وی