• KHI: Clear 23.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.9°C
  • KHI: Clear 23.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.9°C

ٹی وی میزبان شاہ زیب خانزادہ کا تحریر کردہ ڈراما ’کیس نمبر 9‘ کا ٹیزر جاری

شائع September 5, 2025
— فوٹو: اسکرین گریب
— فوٹو: اسکرین گریب

ٹی وی میزبان شاہ زیب خانزادہ کا تحریر کردہ کرائم تھرلر ڈراما ’کیس نمبر 9‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔

جیو انٹرٹینمنٹ پر بہت جلد ریپ سے متاثرہ لڑکی کی کہانی پر مبنی ڈراما سیریل ’کیس نمبر 9‘ پیش کیا جائے گا جسے شاہ زیب خانزادہ نے تحریر کیا ہے، جب کہ اس کی ہدایت کاری سید وجاہت حسین نے کی ہے جو اس سے قبل ’خئی‘ کی ہدایت کاری بھی کر چکے ہیں۔

ڈرامے کو سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ نے پروڈیوس کیا ہے، جب کہ اس کی کاسٹ میں کئی نامور و مشہور اداکار شامل ہیں جن میں فیصل قریشی، صبا قمر، گوہر رشید، آمنہ شیخ، نوین وقار، حنا بیات، نور الحسن، شاہ نواز زیدی، علی رحمٰن خان اور دیگر شامل ہیں۔

حال ہی میں ’کیس نمبر 9‘ کا پہلا ٹیزر جاری کیا گیا جس میں صبا قمر نے ریپ کا شکار ہونے والی لڑکی سحر معظم کا کردار ادا کیا ہے اور اسے درندگی کا نشانہ بنانے والا ایک بہت ہی دولت مند اور طاقتور شخص ہے، جس کا کردار فیصل قریشی ادا کرتے نظر آئیں گے۔

ٹیزر کے مطابق مذکورہ کیس بہت مقبول ہوگا، بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ فیصل قریشی کا کیس نور الحسن، جب کہ صبا قمر کا کیس آمنہ شیخ لڑتی نظر آئیں گی اور گوہر رشید پولیس والے کا کردار ادا کریں گے۔

ڈرامے کے ٹیزر میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ وکیل کی جانب سے صبا قمر کی جانب سے لگائے گئے الزام کو جھوٹا ثابت کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، اس دوران ان کے کردار پر سوالات بھی اٹھائے جائیں گے اور یہ کیس فیصل قریشی کی مقبولیت اور شہرت کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگوں اور میڈیا کی توجہ کا مرکز بھی بنے گا۔

’کیس نمبر 9‘ کی کہانی سحر کی انصاف کے لیے جاری بے خوف جدوجہد کے گرد گھومتی نظر آئے گی۔

یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مذکورہ ڈرامے کو کب تک نشر کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے بہت جلد پیش کیا جائے گا۔

بطور لکھاری شاہ زیب خانزادہ کا یہ پہلا ڈراما ہوگا، ان کا شمار صفِ اول کے حالات حاضرہ کے ٹی وی میزبانوں میں ہوتا ہے، وہ ایک دہائی سے جیو نیوز پر ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ نامی کرنٹ افیئرز پروگرام کرتے آرہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 16 دسمبر 2025
کارٹون : 15 دسمبر 2025