نوشہرہ: اکبر پورہ کے علاقے میں قبائلی رہنما کے گھر پر دستی بموں سے حملہ، 5 افراد زخمی
خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ اکبر پورہ کے علاقے تورابورا میں قبائلی رہنما کے گھر پر دستی بموں سے حملے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق نوشہرہ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں 3 مرد، بچی اور خاتون شامل ہیں، جنہیں پبی کے ہسپتال سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور ریفر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم ملزمان نے قبائلی رہنما سردار علی کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا، دھماکے سے پورا علاقہ لرز اٹھا اور 5 افراد زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں میں سردار علی، ان کی اہلیہ اور بچے شامل ہیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم فوری طور پر مقدمہ درج ہونے کی اطلاع نہیں ملی، زخمیوں کے علاج معالجے کے بعد متاثرہ خاندان کے رجوع پر فوری مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔













لائیو ٹی وی