9 ستمبر کو گڈو بیراج پر پانی عروج پر ہوگا، 8 لاکھ کیوسک کی تیاری کررہے ہیں، مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 9 ستمبر کو گڈو بیراج پر پانی عروج پر ہوگا، ہم 8 لاکھ کیوسک کے ریلے کے حساب سے تیاری کررہے ہیں، متاثرہ اضلاع سے لوگ پہلے ہی نقل مکانی کرچکے، سیلاب متاثرین کی امداد ہر صورت یقینی بنارہے ہیں۔
کراچی میں فلڈ مانیٹرنگ سیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ مون سون بارشوں سے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے، پنجند میں سیلابی ریلہ 7 لاکھ کیوسک تک جانےکا امکان ہے، تونسہ سے 2 لاکھ 17 ہزار کیوسک پانی دریائے سندھ میں آئے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم 8لاکھ کیوسک کے ریلے کے حساب سے تیاری کر رہے ہیں، متاثرہ اضلاع میں لوگ خود بھی نقل مکانی کرچکے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی امداد ہر صورت یقینی بنارہے ہیں، متاثرہ اضلاع میں کیمپس، ادویات اورخوراک پہنچائی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے، پنجاب سیلاب سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے،کراچی میں اس سال توقع سے زیادہ بارشیں ہورہی ہیں، بارشوں کے لیے بھی تیاریاں مکمل ہیں، تمام محکمے وزراء متحرک اور فعال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ناصر شاہ، مکیش چاؤلہ، جام دھاریجو، محمد علی ملکانی، ریاض شاہ سمیت صوبائی اسمبلی کے نمائندے بھی اپنے علاقوں میں موجود ہیں۔












لائیو ٹی وی