بلند لہروں کے باعث سمندر پانی نہیں لے رہا، بارش میں نکاسی چیلنج ہوگی، میئر کراچی

شائع September 8, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلندر لہروں کے باعث سمندر پانی نہیں لے رہا، آج اور کل بارش کے نتیجے میں نکاسی چیلنج ہوگی لیکن انتظامیہ تیار ہے، انہوں نے شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

صبح سویرے ہونے والی بارشوں کے بعد میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کراچی کے پانی کی مرکزی گزرگاہ نہر خیام کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں نہر خیام پر موجود ہوں، جہاں سے پانی چنا کریک کی طرف جاتا ہے تاہم بلند لہروں کے باعث پانی نہر خیام میں واپس آرہا ہے، انہوں نے کہا کہ آج اور کل بارش کے نتیجے میں پانی کی نکاسی بہت بڑا چیلنج ہوگی، بلند لہروں کے باعث سمندر پانی نہیں لے گا لیکن انتظامیہ تیار ہے، عملہ اور مشینری گراؤنڈ پر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ طارق روڈ انڈرپاس ٹریفک کے لیے مکمل کھلا ہے جبکہ ڈرگ روڈ اور سب میرین انڈرپاسز بھی ٹریفک کے لیے کھلے ہوئے ہیں، میئر کراچی نے مشورہ دیا کہ شہری غیرضروری نقل وحرکت سے اجتناب کریں۔

بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں نالوں کی صفائی کی صورتحال اطمینان بخش ہے، چوکنگ پوائنٹ کلیئر کردیے گئے ہیں جس کی وجہ سے نالے چل رہے ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے تینوں بڑے نالوں گجر، اورنگی اور محمود آباد سمیت کے ایم سی کے 43 بڑے نالوں کی صفائی کا عمل جاری ہے، اس کے علاوہ کراچی کے 14 انڈر پاسز میں اضافی پمپس نصب کیے ہیں تاکہ نکاسی کا کام تیزی سے کیا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی 120 گاڑیاں بھی فیلڈ میں ہوں گی اور شہر کی گلیوں اور ٹاؤنز میں جہاں ضرورت ہوگی، گاڑیاں مہیا کی جائیں گی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلدیاتی ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ عملہ گراؤنڈ پر موجود ہو۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پھر یاد دہانی کرانا چاہوں گا کہ شہر کے نالوں کی گنجائش 40 ملی میٹر ہے، اس سے زیادہ بارش ہوتی ہے تو اس کا ایک اثر آتا ہے، لیکن آپ نے پچھلی بارشوں میں دیکھا کہ انتظامیہ گراؤنڈ پر موجود تھی جس کے نتیجے میں ہم نے چند گھنٹوں میں مرکزی شاہراہوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ گھبراہٹ میں مبتلا نہ ہوں، کل لوگ کہہ رہے تھے بارش متوقع ہے چھٹی کا اعلان کردیں، ہمارے پاس اطلاع تھی کہ دن میں بارش نہیں ہوگی اس لیے چھٹی کا اعلان نہیں کیا گیا اور اسکول کالجز اور دفاتر کھلے، لہٰذا قیاس آرائیوں پر کان نہ دھریں، اگر ایسی صورتحال ہوئی تو ماہرین کی رہنمائی میں کوئی فیصلہ کریں گے۔

میئر کراچی نے شہریوں سے گزارش کی کہ بارش کی صورت میں گھبراہٹ میں مبتلا ہوئے بغیر جہاں ہیں وہیں رک جائیں، جہاں پانی کھڑا ہوگا وہاں عملہ دو سے ڈھائی گھنٹے میں چیزوں کو کلیئر کرنے میں کامیاب ہوپائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے 40 نالے سمندر میں جاتے ہیں، سب کو پتا ہے کل چاند گرہن تھا اور چودھویں رات تھی، ان دنوں میں سمندر زور پکڑتا ہے اور پانی کو دھکیلتا ہے، پانی کو لیتا نہیں ہے، اس وقت سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ لہریں بلند ہیں، ہوسکتا ہے سمندر پانی نہ لے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج صبح نہر خیام الٹی سمت میں بہہ رہی تھی، ہجرت کالونی، پی آئی ڈی سی اور سول لائنز سے آنے والا پانی بینظیر بھٹو پارک سے ہوتا ہوا چنا کریک میں جاتا ہے لیکن آج صبح نالہ بالکل صاف تھا لیکن چنا کریک سے پانی نہر خیام میں آرہا تھا، لہٰذا یہ چیلنج ہوگا اور چیلنج صرف کراچی نہیں بلکہ اندرون سندھ ٹھٹہ اور سجاول میں بھی درپیش ہوگا۔

مرتضیٰ وہاب نے امیر جماعت اسلامی کراچی کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شاید منعم ظفر صاحب سمندر کو سنبھال لیں، کیونکہ اس کے جواب میں وہ پریس کانفرنس ضرور کریں گے، شاید میری میمز بھی بنیں گی لیکن لوگوں کو بتانا میرا کام تھا کہ یہ چیلنج ہوگا، اپنی حکومت پر اعتماد رکھیں، یہ وہ انتظامیہ نہیں ہے جو کیفے پیالہ پر بیٹھی ہو اور چائے پراٹھا کھا رہی ہو، یہ وہ انتظامیہ ہے جو گراؤنڈ پر ہوگی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ جماعت اسلامی سیاسی حریفوں کو نیچا دکھانے کے لیے کام نہیں کررہی، اختیارات ہیں، وسائل ہیں، پیسے ہیں جو کہ انہوں نے خود ثابت کردیا ہے، میں بار بار بتاتا رہوں گا کہ انہیں او زی ٹی کتنا مل رہا ہے، ہر ٹاؤن میں پراپرٹی ٹیکس کتنا جمع ہورہا ہے، بارش کے بعد ان کی منافقت کو اور بے نقاب کروں گا، ہمیں کچھ کہتے ہیں کسی اور کو کچھ کہتے ہیں، حلفیہ کچھ اور کہتے ہیں، شہر میں اب یہ نہیں چلے گا۔

انہوں نے ثابت کیا ہے کہ میری بات درست تھی کہ پیسے ان کے پاس ہیں، روڈ کٹنگ کے 14 ارب روپے الگ پڑے ہیں، کراچی والے کی حیثیت سے میں درخواست کرتا ہوں کہ جو پیسے ہیں انہیں خرچ کریں اور شہریوں کی خدمت کریں۔

دریں اثنا، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبائی وزیربحالیات کی ہدایت پر کراچی میں 16 مقامات پر ڈی واٹرنگ مشینیں نصب کردیں۔

وزیر بحالیات مخدوم محبوب کی ہدایت پر ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کراچی میں مختلف مقامات کا دودہ کیا اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے لگائی گئی ڈی واٹرنگ مشینیوں کا جائزہ لیا۔

کارٹون

کارٹون : 8 فروری 2026
کارٹون : 7 فروری 2026