• KHI: Partly Cloudy 29.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 29.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.9°C

لاہور ہائیکورٹ: سری لنکن فیکٹری منیجر قتل کیس میں مجرموں کی اپیلوں پر سماعت نہ ہوسکی

شائع September 9, 2025
74 ملزمان کو 2،2 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی، جو سزا پوری کرکے رہا ہوچکے ہیں۔
— فائل فوٹو: عمران صدیق
74 ملزمان کو 2،2 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی، جو سزا پوری کرکے رہا ہوچکے ہیں۔ — فائل فوٹو: عمران صدیق

لاہور ہائیکورٹ میں سیالکوٹ میں قتل ہونے والے سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کے کیس میں سزائے موت اور عمر قید کی سزا پانے والے مجموعی طور پر 15مجرموں کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت نہ ہوسکی۔

2 رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس سید شہباز رضوی کی عدم دستیابی کے باعث کیس کو ری شیڈول کر دیا گیا، اپیلوں کی سماعت کے لیے جسٹس سید شہباز رضوی اور جسٹس طارق محمود پر مشتمل دو رکنی بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔

سری لنکا سے تعلق رکھنے والے فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کو توہین مذہب کا الزام لگا کر 3 دسمبر 2021 کو سیالکوٹ میں ہجوم کی جانب سے بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔

ٹرائل کورٹ نے مجموعی طور پر 89ملزماں کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزائیں سنائیں تھیں۔

ٹرائل کورٹ نے 6 مجرمان محمد حمیر، تیمور احمد، محمد ارشاد، علی حسنین، ابو طلحہ اور عبدالرحمٰن کو دو دو دفعہ سزائے موت اور دو دو لاکھ روپے معاوضہ مقتول پریانتھا کمارا کے ورثاء کو ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

9 مجرمان روحیل امجد، محمد شعیب، احتشام زیب، عمران ریاض، ساجد امین، ضیغم مہدی، علی حمزہ، لقمان حیدر اور عبدالصبور کو عمر قید کی سزا اور دو دو لاکھ جرمانہ اور 2، 2 لاکھ روپے معاوضہ مقتول پریانتھا کے ورثا کو ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

باقی 74 ملزمان کو 2،2 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی، جو اپنی سزا پوری کرکے جیل سے رہا ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026