• KHI: Partly Cloudy 28.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 28.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.4°C

شادی میں مسائل بہت ہوئے لیکن برداشت کیا، فریدہ شبیر کا انکشاف

شائع September 9, 2025
—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

سینئر اداکار شبیر جان کی اہلیہ فریدہ شبیر نے انکشاف کیا ہے کہ اداکار سے شادی کرنے کی وجہ سے ان کی ازدواجی زندگی میں مسائل بہت ہوئے لیکن انہوں نے برداشت کیا۔

فریدہ شبیر نے حال ہی میں سماء ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے فریدہ شبیر نے کہا کہ ماضی کے مقابلے اب بچوں میں برداشت ختم ہوچکی، اب بچوں سمیت بڑے بھی برداشت نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر اس وقت لڑائی جھگڑے جنم لیتے ہیں، جب دوسرے کی بات نہیں سنی جاتی، بولنے سے پہلے ہر کسی کو دوسرے شخص کی مکمل بات سننی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر معاملات کی طرح شادی کو کامیاب کرنے کے لیے بھی برداشت کرنا پڑتا ہے، دونوں میں سے کسی ایک شخص کو زیادہ برداشت کرنا پڑتا ہے۔

فریدہ شبیر کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے شادی کی تو انہیں شروع میں بہت مشکلات پیش آئیں، کیوں کہ ان کے شوہر نامور اداکار تھے۔

انہوں نے کہا کہ چوں کہ ان کے شوہر ہیرو کے طور پر آتے تھے، اس لیے آئے دن وہ کسی نہ کسی خاتون کے ساتھ شوٹنگ بھی کروا رہے ہوتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں ابتدا میں اداکار کی زندگی کا علم نہیں تھا لیکن بعد میں انہیں احساس ہوا اور سمجھ چکی تھیں کہ ان کے شوہر کا کام ہی یہی ہے۔

فریدہ شبیر کے مطابق بعد میں اگر ان کے شوہر کسی کے ساتھ رومانوی مناظر بھی شوٹ کرواتے تھے تو انہیں معلوم تھا کہ شوٹنگ پر بہت سارے لوگ ایک ساتھ ہوتے ہیں، اس لیے انہیں اطمینان ہوجاتا تھا۔

انہوں نے کوئی تفصیلات بتائے بغیر انکشاف کیا کہ لیکن انہوں نے اپنی شادی کو کامیاب بنانے کے لیے بہت ساری چیزیں برداشت کیں اور وہ کافی عرصے تک خاموش رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلسل خاموش رہنا اور برداشت کرنا ذاتی صحت کے لیے ٹھیک نہیں ہوتا اور انہوں نے بھی بچے بڑے ہونے پر بولنا شروع کردیا اور برداشت کرنا چھوڑ دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026