ایشیاکپ کے آغاز سے پہلے بھارتی کپتان مشکل میں پھنس گئے، غدار قرار دیدیا گیا
بھارتی ٹی20 ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو ایشیاکپ 2025 کے آغاز سے پہلے ہی بڑی مشکل میں پھنس گئے اور انہیں اپنے ہم وطنوں نے ہی غدار قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹرافی کی رونمائی کی جس کے بعد تمام کپتانوں نے ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
اس دوران، تمام کپتانوں نے پروٹوکول کے تحت صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے مصافحہ کیا جب کہ دیگر کپتانوں نے بھی ایک دوسرے سے ہاتھ ملائے۔
ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کی رونمائی اور کپتانوں کی پریس کانفرنس کے موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے بھی محسن نقوی اور قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا سے مصافحہ کیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
تصاویر وائرل ہوتے ہی بھارتی شدت پسندوں نے سوریا کمار یادیو کو آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں غدار قرار دے دیا گیا۔
راجیو نامی صارف نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ سوریا کمار یادوو آپریشن سندور کے بعد بھارت کو دھمکی دینے والے پاکستان کے وزیر داخلہ سے ہاتھ ملارہے ہیں، انہیں دشمنوں سے ہاتھ ملاتے ہوئے شرم بھی نہیں آتی، یہ شیشے میں اپنی شکل کیسے دیکھتے ہوں گے؟
اس پر ایک اور صارف نے کمنٹ کیا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اور بھارتی حکومت پر تنقید کرو جنہوں نے سوریا کمار یادوو کو اس پوزیشن پر لاکھڑا کیا جس سے وہ بطور پروٹوکول ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین سے ہاتھ ملارہے ہیں۔
ایک اور اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ اور سوریا کمار یادوو کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ’ دیش یہ غداری کبھی نہیں بھولے گا‘۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کا آغاز آج سے متحدہ عرب امارات میں ہورہا ہے جہاں افتتاحی میچ ہانگ کانگ اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔













لائیو ٹی وی