ٹی 20 ایشیا کپ: افغانستان کا فاتحانہ آغاز، ہانگ کانگ کو شکست

شائع September 9, 2025
فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو
فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو

متحدہ عرب امارات میں کھیلے جا رہے ٹی 20 ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو 94 رنز کے بڑے مارجن سے ہرادیا۔

189 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی نوآموز ٹیم کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور اس کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کے مانند بکھرتی چلی گئیں۔

ہانگ کانگ کے صرف دو بیٹرز بابر حیات ( 39 رنز ) اور کپتان یاسم مرتضیٰ ( 16 رنز ) ہی ڈبل فیگرز میں داخل ہوسکے۔ باقی 9 کھلاڑی 10 کے ہندسے تک پہنچنے میں ناکام رہے۔

افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی اور گلبدین نائب نے دو، دو اور عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان اور نوراحمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ابوظبی میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

افغانستان کو ابتدا ہی میں دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر بیٹر رحمٰن اللہ اور ابراہیم زدران بالترتیت 25 اور 26 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد صادق اللہ اتل اور محمد نبی کے درمیان 51 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی، 77 کے مجموعی اسکور پر کنچت شاہ نے محمد نبی کو نزاکت خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکر پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا، محمد نبی نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 33 رنز بنائے۔

آؤٹ ہونے والے اگلے بیٹر گلبدین نائب جو محض پانچ رنز بناکر کنچت شاہ ہی کا شکار بنے۔

اس کے بعد اوپنر بیٹر صادق اللہ اتل اور عظمت اللہ عمرزئی کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 82 رنز کی قیمتی پارٹنرشپ ہوئی۔

عظمت اللہ نے دو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 53 رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی، ان کی وکٹ ایوش شکلا کے حصے میں آئی، کریم جنت دو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

صادق اللہ اتل نے 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے اور اسکور پر بورڈ پر 186 کا ہندسہ سجانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ہانگ کانگ کی جانب سے کنچت شاہ اور ایوش شکلا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عتیق اقبال اور احسان خان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

عظمت اللہ عمر زئی کو برق رفتار نصف سینچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

افغانستان اسکواڈ

صادق اللہ اتل، رحمٰن اللہ گربز، ابراہیم زدران، محمد نبی، گلبدین نائب، عظمت اللہ عمرزئی، کریم جنت، راشد خان ( کپتان )، نور احمد، اللہ محمد غضنفر، فضل حق فاروقی

ہانگ کانگ اسکواڈ

ذیشان علی، انشے رتھ، بابر حیات، نزاکت خان، کلین چلّو، کنچت چاہ، اعزاز خان، یاسم مرتضیٰ ( کپتان ) ، ایوش شکلا، عتیق اقبال، احسان خان

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025