لاہور: سی سی ڈی کے مبینہ مقابلوں کے دوران 6 گرفتار ملزمان ہلاک

شائع September 11, 2025
پولیس نے فائرنگ کرکے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
پولیس نے فائرنگ کرکے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں 6 ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور کے علاقے چوہنگ اور مصری شاہ میں سی سی ڈی سے مقابلوں کے دوران ساتھیوں کی فائرنگ سے 6 ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چوہنگ میں ارشاد، ابراہیم، فاروق اور الیاس اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، جب کہ مصری شاہ میں اسلم اور جمیل بھی اپنے ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔

پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان کو ریکوری کے لیے لے جایا جا رہا تھا، اس دوران ان کے ساتھیوں نے ملزمان کو چھڑوانے کے لیے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ملزمان مارے گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہی ہلا ک ہوئے ہیں، مرنے والے ملزمان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے فائرنگ کرکے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

یاد رہے کہ جولائی کے مہینے میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے مقابلوں کا جائزہ لینے کا حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ ایک دن میں جعلی مقابلوں کی 50، 50 درخواستیں آرہی ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ میں سی سی ڈی کے مبینہ پولیس مقابلے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی تھی۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست گزار فرحت بی بی کی پٹیشن پر سماعت کی، عدالت کے حکم پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پیش ہوئے تھے۔

درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا تھا کہ سی سی ڈی کے آنے کے بعد ایک ہی طرز کے پولیس مقابلے ہورہے ہیں، درخواست گزار کا ایک بیٹا تو مارا گیا، دوسرے کے تحفظ کے لیے آئے ہیں، جو پولیس کی حراست میں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025