ایشیا کپ: پاکستان ٹیم کی بیٹنگ لائن میں موجود ’خامیوں‘ کو ہیڈ کوچ نے مسترد کر دیا
پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن میں موجود خامیوں کو مسترد کرتے ہوئےکہا ہے کہ ہم نےکچھ روز قبل ہی دنیا کی بہترین اسپنگ باؤلنگ کے خلاف 70 رنز سے میچ جیتا ہے۔
ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کے پہلے میچ سے قبل دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن نئی ہے، جسے بہتر بنانے میں مصروف ہیں، ہمارے پاس ایسے کئی پلیئرز موجود ہیں جو اپنے دن پر میچز جتوا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے ضروری یہ ہے کہ مجموعی طور پر کھلاڑی پرفارم کر کے ٹیم کو فتح دلائیں، اور بطور بیٹنگ لائن اپ ہمارے بلے بازوں نے حالیہ میچز میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائی ہیں۔
مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ اسٹرائیک ریٹ اور ایوریج کوئی معنیٰ نہیں رکھتا، اہم یہ ہے کہ آپ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روایتی حریف بھارت اپنی پرفارمنس کی بنیاد پر بہت زیادہ پُر اعتماد ہے، اور انہیں ہونا بھی چاہیے، تاہم پاکستان ٹیم ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کی جانب گامزن ہے، ہم بھارتی کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے بارے میں بخوبی جانتے ہیں، اور اس چینلج کے لیے ہم تیار ہیں۔
عمان کے خلاف 12 ستمبر کو شیڈول میچ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فائنل الیون کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
متحدہ عرب امارارت (یو اے ای) کی پچز کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دبئی کی پچ شارجہ کے مقابلے میں مختلف ہے، مجھے نہیں لگتا کہ دبئی کی پچ بھی شارجہ کی پچ کے طرح برتاؤ کرے گی۔
ہماری ٹیم کی خوبصورتی یہ ہے کہ ہمارے پاس 5 اسپنرز موجود ہیں، محمد نواز دنیا کے بہترین اسپنر ہیں، ابرار احمد، صفیان مقیم، کپتان سلمان علی آغا اور صائم ایوب کی صورت میں ہمارے پاس بہترین اسپنرز موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں محسوس ہوا کہ پچ اسپنر کو مدد فراہم کر رہی ہے تو ہمارے پاس اسپن باؤلنگ میں کافی آپشنز موجود ہیں، اور اگر ایسا نہ ہو تو ہمارے پاس 5 فاسٹ باؤلرز بھی موجود ہیں۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ ہمارے پاس کئی ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو دونوں شعبوں میں اپنا کردار ادا کرنا جانتے ہیں، جس سے ہمارے لیے فیصلے کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور عمان کے درمیان ایشیا کپ کا مقابلہ کل (12 ستمبر) کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔













لائیو ٹی وی