• KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 23°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 23°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.8°C

عدالت نے اے آئی پلیٹ فارمز کو ایشوریا رائے کی تصاویر استعمال کرنے سے روک دیا

شائع September 13, 2025
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

دہلی ہائی کورٹ نے بولی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن کی شناخت کے حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی درخواست پر متعدد آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پلیٹ فارمز کو ان کی تصاویر اور ویڈیوز استعمال کرنے سے روک دیا۔

ایشوریا رائے نے کچھ دن قبل عدالت میں درخواست دیتے ہوئے استدعا کی تھی کہ اے آئی پلیٹ فارمز کو ان کی تصاویر، نام اور آواز کو اجازت کے بغیر استعمال کرنے سے روکا جائے، ان کی تصاویر کو ایڈٹ کرکے فحش انداز میں شیئر کیا جا رہا ہے۔

عدالت نے ان کی درخوست پر ان کے نام، آواز اور تصاویر کے غیر مجاز کمرشل اور آن لائن استحصال کے خلاف سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کو شخصیات کے حقوق کے غیر مجاز استعمال کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’دی ہندو‘ کے مطابق عدالت نے جسٹس تیجس کاریا نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کسی مشہور شخصیت کی شناخت کا بغیر اجازت استعمال نہ صرف مالی نقصان کا باعث بنتا ہے بلکہ ان کے رازداری اور عزت کے حق کو بھی متاثر کرتا ہے۔

جسٹس تیجس کاریا کا کہنا تھا کہ جب کسی مشہور شخصیت کی شناخت کو ان کی رضامندی یا اجازت کے بغیر استعمال کیا جاتا ہے تو اس سے نہ صرف متعلقہ فرد کو مالی نقصان ہوتا ہے بلکہ ان کے باعزت زندگی گزارنے کے حق پر بھی اثر پڑتا ہے۔

عبوری حکم میں عدالت نے مختلف ملزمان کو ایشوریا رائے کے نام، تصویر، یا شخصیت سے متعلق کوئی بھی مصنوعات جیسے کہ ٹی شرٹس، مگ، پوسٹرز یا ڈیجیٹل مواد بنانے، شیئر کرنے یا فروخت کرنے سے روک دیا۔

عدالت نے مصنوعی ذہانت، ڈیپ فیک ٹیکنالوجی، چہرے کی تبدیلی یا کسی بھی ڈیجیٹل ہیر پھیر کے ذریعے بنا اداکارہ کے حوالے سے مواد بنانے سے بھی پلیٹ فارمز اور اداروں کو روک دیا۔

اسی عدالت میں ایشوریا رائے کے شوہر ابھیشیک بچن کی ایک درخواست بھی زیر سماعت ہے، جس میں انہوں نے اپنی تصویر، شخصیت، اور جعلی ویڈیوز کے غیر مجاز استعمال کے خلاف اپنے تشہیری اور شخصیت کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔

عدالت نے ابھیشیک بچن کی درخواست پر بھی تمام شواہد طلب کر رکھے ہیں اور کہا ہے کہ اداکار کی درخواست پر بھی جلد حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026