• KHI: Cloudy 21.2°C
  • LHR: Fog 11.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.2°C
  • KHI: Cloudy 21.2°C
  • LHR: Fog 11.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.2°C

امریکا باہمی مذاکرات کے ذریعے ٹک ٹاک تنازع کا حل نکالے، چین

شائع September 13, 2025
—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز

چین نے امریکی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی فروخت اور تنازع کے معاملے کو باہمی اور منصفانہ مذاکرات کے ذریعے حل کرے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق چین کی وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک سے متعلق تمام مسائل قوانین اور ضوابط کے مطابق جائزہ لیے جائیں گے۔

چینی حکومت نے امریکی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی تشویش باہمی احترام اور مساوی مشاورت کی بنیاد پر بات چیت کے ذریعے حل کرے تاکہ کاروباری ماحول اچھی طرح سے آگے بڑھے۔

چین کی وزارت تجارت کے مطابق دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی تشویشات کو بات چیت سے حل کرکے مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے تاکہ چینی کمپنیوں بشمول ٹک ٹاک کے لیے امریکا میں کاروبار جاری رکھنے کے لیے منصفانہ ماحول فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک کو اپنے امریکی اثاثوں کی فروخت کے لیے آئندہ ہفتے 17 ستمبر تک ڈیڈ لائن دے رکھی ہے، تاہم سودہ نہ ہونے کی صورت میں انہوں نے اس کی مدت مزید بڑھانے کا عندیہ بھی دے رکھا ہے۔

ٹک ٹاک پر امریکا میں پابندی کا قانون گزشتہ سال منظور کیا گیا تھا، جس کے تحت ٹک ٹاک کو 20 جنوری 2025 تک اپنی ملکیت امریکی ہاتھوں میں منتقل کرنا تھی۔

قانون کے مطابق ٹک ٹاک اپنی چینی ملکیت سے الگ ہو کیونکہ قانون سازوں اور انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ چینی حکومت اس ایپ کے ذریعے امریکی صارفین کا حساس ڈیٹا حاصل کر سکتی ہے یا پروپیگنڈا پھیلا سکتی ہے۔

ٹک ٹاک نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس نے ڈیٹا کی حفاظت کے اقدامات کیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025