پاک-بھارت ٹاکرا، ویمنز ٹیم کا پاکستان ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم اور ویمنز کرکٹ ٹیم نے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں قومی ویمنز کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستان مینز ٹیم کے لیے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم کھلاڑی پر امید ہیں کہ پاکستان ٹیم ٹرائی نیشن سیریز کی طرح ایشیا کپ میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی۔
جنوبی افریقہ ویمنز کے خلاف سیریز کی تیاریوں میں مصروف قومی ویمنز ٹیم نے مینز ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کردیا۔
ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا بڑا میچ ہے جس کا انتظار پوری دنیا کو ہے اور ہمیں بھی اس کا شدت سے انتظار ہے، پاکستان ٹیم کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سہ فریقی سیریز میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور اب تک اچھی کرکٹ کھیلتے آرہے ہیں، امید ہے کہ بھارت کے خلاف بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور میچ جیتیں گے۔
عالیہ ریاض نے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اچھا کھیلیں اور ملک کا نام روشن کریں۔
ایمان فاطمہ اور نتالیہ پرویز نے کہا کہ ہماری نیک خواہشات اور دعائیں پاکستان ٹیم کے ساتھ ہیں، قومی کھلاڑی اچھا کھیلیں اور جیتیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اتوار (14 ستمبر) کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ ملکی ٹی 20 سیریز جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم نے ایشیا کپ کا آغاز 12 ستمبر کو عمان کے خلاف شاندار 93 رنز کی فتح کے ساتھ کیا تھا۔











لائیو ٹی وی