• KHI: Partly Cloudy 19.9°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 13.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.9°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 13.3°C

لکسمبرگ کا بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان

شائع September 16, 2025
لکسمبرگ کے وزیراعظم لوک فریڈن، فوٹو: انادولو ایجنسی
لکسمبرگ کے وزیراعظم لوک فریڈن، فوٹو: انادولو ایجنسی

یورپی ملک لکسمبرگ نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا، لکسمبرگ 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آغاز پر دیگر ممالک سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کرے گا۔

نیو عرب کی رپورٹ کے مطابق لکسمبرگ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرنے والا تازہ ترین مغربی ملک بن گیا ہے۔

لکسمبرگ کی حکومت 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آغاز پر دیگر ممالک سے مشاورت کے بعد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا حتمی فیصلہ کرے گی۔

مقامی میڈیا کے مطابق لکسمبرگ کے وزیرِاعظم لوک فریڈن اور وزیرِخارجہ زاویئر بیٹل نے اس معاملے پر ایک پارلیمانی کمیشن کا اعلان کیا ہے۔

یہ چھوٹا سا یورپی ملک طویل عرصے سے مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا رہا ہے لیکن اب تک فلسطینی خودمختاری کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے سے گریز کرتا آیا ہے۔

لکسمبرگ فلسطین کو تسلیم کرنے کے منصوبے کا اعلان کرنے والا ساتواں مغربی ملک ہے، اس سے پہلے فرانس، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، بیلجیم اور مالٹا ایسا کر چکے ہیں۔

پرتگال کی حکومت نے بھی کہا ہے کہ وہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر غور کر رہی ہے اور اس نے دیگر سیاسی جماعتوں اور صدرِمملکت سے اس سلسلے میں بات چیت کی ہے۔

اسرائیل کو خدشہ ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں متعدد ممالک فلسطین کو تسلیم کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا یورپی ممالک کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

اس وقت اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے149 فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔

دریں اثنا، ترکیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی حکومت نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے لکسمبرگ کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے دیگر ممالک سے بھی ایسا کرنے کی اپیل کی۔

ایک بیان میں فلسطینی وزارتِ خارجہ نے وزیرِاعظم لوک فریڈن اور وزیرِخارجہ زاویئر بیٹل کو سراہا اور اسے ’ ایک بہادرانہ مؤقف قرار دیا جو بین الاقوامی قانون سے ہم آہنگ ہے اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر امن کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔’

فلسطینی وزارتِ خارجہ نے ان ممالک پر زور دیا جنہوں نے ابھی تک فلسطین کو تسلیم نہیں کیا کہ وہ فوری طور پر ایسا کریں، اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات جنگ کے خاتمے اور امن کے فروغ پر عالمی اتفاقِ رائے کو مضبوط کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025