• KHI: Partly Cloudy 30.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 29.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 30.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 29.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.6°C

حرمین شریفین کے تحفظ کی ذمہ داری پاکستانی قوم کیلئے باعث اعزاز ہے، طاہر اشرفی

شائع September 20, 2025
— فائل فوٹو: اے پی پی
— فائل فوٹو: اے پی پی

چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاک-سعودی دفاعی معاہدے سے زیادہ مقدس بات کوئی نہیں کہ اللہ کے اپنے گھر اور مسجد نبوی ﷺ کی سیکیورٹی کی ذمہ داری پاکستان کو ملی ہے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھاکہ جہاد ریاست کا حق ہے، کسی گروہ یا فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں جب کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کی ذمہ داری پاکستانی قوم کیلئے باعث اعزاز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم پہلے روز سے ہی مکہ ومدینہ کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے، پاک سعودی دفاعی معاہدہ ہوا تو اس سے زیادہ ہمارے لئے کوئی اور مقدس بات نہیں کہ اللٰہ کے اپنے گھر اور مسجد نبویﷺ کی سکیورٹی کی ذمہ داری تمام اسلامی ممالک میں سے پاکستان کے حصہ میں آ ئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی وتحفظ حاصل اور مثالی مذہبی ہم آہنگی موجود ہے ، پاکستان کے اندر مسیحی بھائیوں نے تعلیم اور دفاعی میدان میں جو کردار ادا کیا ہے اس کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔

طاہر محمد اشرفی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے رویوں کو تبدیل کرنا ہوگا، پیغام پاکستان ہمارے پاس مضبوط میسج ہے، یہ پہلی مرتبہ کمیٹی بنی ہے جس میں ہندو سکھ کمیونٹی کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی امن کمیٹی میں سب اقلیت رہنما ہیں جن کا مقصد خوبصورت پاکستان بنانا ہے، یہ بات کہنے میں مجھے کوئی خوف نہیں کہ مسیحیوں نے صحت کا میدان ہو یا دفاعی میدان ، سب میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں پاکستان کو تاریخی فتح نصیب ہو ئی ، بھارت نے جنگ چھیڑی تو پاکستان سے بھرپور جواب ملا، پاکستانی قوم نے متحد ہوکر اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو دھول چٹا دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پوری امت مسلمہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، جب دہشتگرد دہشت گردی کرتا ہے تو یہ نہیں پوچھتا کہ آپ مسیحی ہو یا مسلمان ، ہندو ہو یاسکھ ہو وہ چرچز، مسجد ، امام بارگاہوں اور مدرسوں میں بیگناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناتا ہے، ہمیں مل کر دہشت گردی اورانتہا پسندی کا مقابلہ کرنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026