پاکستان کرکٹ میں حریف نہیں رہا، ہماری جیت کا تناسب 1-10 ہے، بھارتی کپتان

شائع September 22, 2025
— فوٹو: اسکرین شاٹ
— فوٹو: اسکرین شاٹ

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے مقابلوں میں اب ہمارا حریف نہیں رہا۔

ڈان نیوز کے مطابق میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک-بھارت میچز میں بھارت کی جیت کا تناسب تقریباً 1-10 ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیلڈنگ میں غلطیاں ہوئیں، لگتا ہے کیچ چھوڑنے والوں کے ہاتھوں میں مکھن لگا ہوا تھا۔

سوریا کمار یادیو نے کہا کہ پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ وکٹ کو سمجھ کر کیا، میچ کا ٹرننگ پوائنٹ 10 اوورز کے بعد کا تھا، بریک کے بعد بھارتی باؤلرز نئے روپ میں سامنے آئے۔

کرک انفو کے مطابق سوریا کمار یادو نے کہا کہ ابھیشیک بیٹنگ اسٹائل میں بہت ہی بے لوث ہے، یہ بس اس کا انداز ہے، پاور پلے میں وہ سخت کھیلتا ہے، لیکن اس کے بعد بھی اسے پتا ہوتا ہے کہ کیا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھیشک صورتحال کا تجزیہ کرتا ہے، ہر میچ سے سیکھ رہا ہے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ کبھی پریکٹس نہیں چھوڑتا، چاہے اسے بیٹنگ کا دل نہ بھی ہو، پھر بھی وہ گراؤنڈ میں ہوتا ہے، کچھ نہ کچھ کرتا رہتا ہے، جب آپ اتنی محنت کرتے ہیں تو خدا کے پاس ہمیشہ آپ کے لیے منصوبے ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب ایشیا کپ سپر فور راؤنڈ کے دوسرے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کا 172 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔

اوپنر بیٹر ابھیشک شرما نے پاکستانی باؤلرز کے خلاف جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر برق رفتار 74 رنز کی اننگز کھیلی تھی، ٹاپ آرڈر بلے باز کو ابرار احمد نے آؤٹ کیا تھا۔

شمبن گل 28 گیندوں پر47 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے تھے، بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو دوسری ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے تھے، جب کہ سنجو سیمسن 13 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے تھے۔

تلک ورما 30 اور ہاردیک پانڈیا 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کے حارث رؤف نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں، ابرار احمد اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025