ایشیاکپ: پاکستان اور سری لنکا آج مدمقابل ہوں گے، شکست قومی ٹیم کا سفر تمام کردے گی
ایشیاکپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان آج سری لنکا کے مدمقابل ہوگا، ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گی۔
ایشیاکپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں بھارت سے اپنا پہلا میچ ہارنے کے بعد پاکستان کے لیے اگلے دونوں میچز جیتنا لازم ہوگیا، ایک بھی شکست پاکستان کو ٹورنامنٹ سے باہر کرسکتی ہے۔
ایشیا کپ سپر فور مرحلے کا تیسرا میچ آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظہبی میں ہوگا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان اور بھارت اگلے دونوں میچز جیتے تو دونوں ہی فائنل کے لیے کوالی فائی کرجائیں گے جس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں تیسری بار آمنے سامنے ہوں گی۔
خیال رہے کہ سری لنکا 2019 سے پاکستان کے خلاف ناقابل شکست رہا ہے، لنکن ٹائیگرز گزشتہ 5 میچوں میں شاہینوں کو زیر کرچکے ہیں جس میں ایشیاکپ 2022 کا فائنل بھی شامل ہے۔
سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو ہراچکا ہے، آج پاکستان یا سری لنکا میں سے جسے بھی شکست ہوئی اس کے فائنل میں جانے کی امیدیں تقریبا ختم ہوجائیں گی۔
پاکستان آج کا میچ جیتا اور پچیس ستمبر کو بنگلادیش کو بھی زیر کیا تو فائنل کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔
دوسری جانب، بنگلہ دیش پاکستان سے ہارنے کے بعد اگر بھارت کو شکست دینے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو اس صورت میں پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کے 4،4 پوائنٹس ہوجائیں گے اور فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔ ایشیا کپ کا فائنل اٹھائیس ستمبر کو کھیلا جائے گا۔












لائیو ٹی وی