• KHI: Partly Cloudy 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.7°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.7°C

سعودی عرب کے مفتی اعظم، شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کر گئے

شائع September 23, 2025
سعودی فرمانروا کے حکم کے مطابق مفتی اعظم کی غائبانہ نماز جنازہ تمام مساجد میں ادا کی جائے گی۔
—فائل فوٹو: ایکس
سعودی فرمانروا کے حکم کے مطابق مفتی اعظم کی غائبانہ نماز جنازہ تمام مساجد میں ادا کی جائے گی۔ —فائل فوٹو: ایکس

سعودی عرب کے مفتی اعظم، شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کر گئے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق شاہی دیوان نے آج اعلان کیا کہ سعودی عرب کے مفتیِ اعظم، شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن محمد آل الشیخ کا انتقال ہو گیا ہے، آپ ہیئت کبار العلما، علمی تحقیقات و افتا کی عمومی صدارت اور مسلم ورلڈ لیگ کی اعلیٰ کونسل کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔

شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی نمازِ جنازہ آج عصر کی نماز کے بعد ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔

خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے حکم دیا ہے کہ ان کی غائبانہ نمازِ جنازہ مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام، مدینہ منورہ کی مسجد نبوی اور مملکت بھر کی تمام مساجد میں بھی عصر کی نماز کے بعد ادا کی جائے۔

شاہی دیوان نے کہا کہ ان کے انتقال کے ساتھ ہی مملکت اور اسلامی دنیا ایک جلیل القدر عالم دین سے محروم ہو گئی ہے، جنہوں نے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔

خادمِ حرمین شریفین اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد اور وزیراعظم نے ان کے اہل خانہ، سعودی عوام اور اسلامی دنیا سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے الاخباریہ کے مطابق شیخ عبد العزیز کو 1999 میں اس منصب پر فائز کیا گیا تھا، اور انہوں نے مملکت کے اعلیٰ ترین مذہبی عالم کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، شیخ عبدالعزیز آل شیخ نے اس عرصے کے دوران شریعت کی تشریح کی اور قانونی و سماجی معاملات پر فتوے بھی جاری کیے۔

واضح رہے کہ بطور مفتیِ اعظم، شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ سعودی عرب میں مذہبی اختیار کے اعلیٰ ترین منصب پر فائز تھے، وہ مکہ مکرمہ میں مقیم اسلامی عالم تھے اور سلفی مسلمانوں کی وسیع عالمی تحریک کے نمایاں مذہبی رہنما کے طور پر اثر و رسوخ رکھتے تھے۔

سعودی عرب میں آل الشیخ خاندان روایتی طور پر مذہبی اور عدالتی اداروں میں فائز رہا ہے، وہ محمد بن عبدالوہاب (1792-1703) کی نسل سے ہیں، اور گزشتہ 250 برسوں سے وہ آل سعود حکمران خاندان کے ساتھ قریبی تعلقات اور بین الازدواجی رشتوں میں جُڑے رہے ہیں۔

پوری امت مسلمہ کیلئے غم کا لمحہ ہے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی وفات پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ عبدالعزیز کی وفات پوری امت مسلمہ کے لیے لمحہ غم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز ایسے جلیل القدر عالم دین تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی ترویج، شریعت مطہرہ کی توضیح اور امت کی رہنمائی میں صرف کی۔

اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز کی مسلم امہ کے اتحاد کے لیے کاوشیں اور علمی بصیرت ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، پاکستانی عوام اور حکومت، سعودی عرب کے عوام اور سعودی قیادت کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025