پاکستانی فنکار بےحد باصلاحیت ہیں، خود کو کمتر نہ سمجھیں، عاطف اسلم کے بیان پر علی ظفر کا ردعمل
گلوکار، موسیقار و اداکار علی ظفر نے عاطف اسلم کے بولی وڈ سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فنکار بے حد باصلاحیت ہیں، اس لیے انہیں خود کو کسی سے کم تر نہیں سمجھنا چاہیے۔
علی ظفر نے حال ہی میں سینئر صحافی و یوٹیوبر عنبرین فاطمہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بولی وڈ میں اپنے تجربات اور پاکستانی فنکاروں کی قدر کے حوالے سے گفتگو کی۔
گزشتہ دنوں بھارتی صحافی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عاطف اسلم نے کہا تھا کہ وہ خدا کے شکر گزار ہیں کہ انہیں نہ صرف بولی وڈ میں کام کرنے کا موقع ملا بلکہ وہاں عزت بھی ملی، وہ بولی وڈ میں گزارے گئے دنوں کو یاد کرتے ہیں اور اسے اپنی کامیابی کا ایک اہم حصہ سمجھتے ہیں۔
اسی حوالے سے علی ظفر سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ بھی بولی وڈ کو یاد کرتے ہیں، کیونکہ وہ بھی وہاں کافی کام کرچکے ہیں؟ اس پر علی ظفر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ انہیں بولی وڈ میں بہت عزت ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی انہیں ایک دوسرے ملک سے ہونے کے باوجود پسند کرتے تھے، تعریف کرتے تھے، وہاں ان کی فلموں کو پذیرائی ملی، جو آج بھی ان کے دل میں محفوظ ہے اور ہمیشہ رہے گی۔
تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ وہ پاکستانیوں کو کبھی بھارتیوں سے کم نہیں سمجھتے، اگر وہ پاکستان میں پہلے ایک مقام نہ بناتے تو بھارت میں انہیں کام کرنے کا موقع کبھی بھی نہ ملتا۔
علی ظفر نے کہا کہ وہ عاطف اسلم پر تنقید نہیں کر رہے، وہ بہت اچھے فنکار ہیں، لیکن بعض اوقات ہمارے فنکار بولی وڈ کو اس طرح دیکھتے ہیں جیسے ہم ان کے سامنے کچھ نہیں ہیں، جب کہ ایسا نہیں ہے۔
ان کے مطابق جب وہ بولی وڈ میں کام کر رہے تھے تو وہاں لوگ خود کہتے تھے کہ پاکستان کا میوزک، فنکار اور ثقافت سب بہت دلچسپ ہے، اس لیے پاکستانیوں کو اپنی اہمیت اور قدر کا احساس ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان کی انڈسٹری صحیح طور پر نہیں بن سکی، ورنہ جتنے باصلاحیت لوگ پاکستان میں موجود ہیں شاید ہی دنیا میں کہیں اور ہوں۔
ان کے مطابق بدقسمتی سے کئی عظیم فنکار دنیا سے رخصت ہوگئے لیکن انہیں وہ عزت اور مقام نہیں دیا گیا جو دیا جانا چاہیے تھا، مہدی حسن اور نصرت فتح علی خان اس کی نمایاں مثال ہیں۔
علی ظفر نے مزید کہا کہ موجودہ دور کے نئے فنکار بھی بےحد باصلاحیت ہیں، اس لیے پاکستانیوں کو کبھی بھی خود کو دوسروں سے کم تر نہیں سمجھنا چاہیے۔
Does Ali Zafar Miss Bollywood Like Atif Aslam? | Ambreen Fatima ambreenfatima alizafar singer atifaslam bollywood showbiz entertainment tiktok












لائیو ٹی وی