ٹی20 رینکنگ: ابرار احمد ٹاپ پوزیشن کے انتہائی قریب پہنچ گئے
ایشیا کپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی قومی ٹیم کے مسٹری اسپنر ابرار احمد 12 درجہ ترقی پاکر چوتھی پوزیشن پر پہنچنے کے بعد ٹاپ پوزیشن کے انتہائی قریب ہوگئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ٹی 20 رینکنگ میں ایشیاکپ میں شریک کئی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی۔
ایشیاکپ 2025 میں پاکستان کے مسٹری اسپنر ابرار احمد کی مسلسل بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث وہ ٹی20 رینکنگ میں کریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے ٹی20 باؤلرز رینکنگ میں 11 درجے ترقی پانے والے ابرار احمد رواں ہفتے مزید 12 درجے ترقی حاصل کرنے کے بعد وہ ٹاپ پوزیشن کے قریب پہنچ گئے ہیں، اس وقت وہ 703 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ نمبر 4 پر موجود ہیں۔

پاکستان کے گروپ میچ میں یو اے ای کے خلاف انہوں نے 13 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، اگرچہ بھارت کے خلاف انہیں 42 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ ملی، تاہم گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف انہوں نے زبردست کارکردگی دکھائی اور صرف 8 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
تاہم، ابرار احمد کے لیے نمبر ون باؤلر بننے کا ہدف البتہ آسان نہیں ہوگا، کیونکہ بھارت کے ورون چکرورتی نے اماراتی کنڈیشنز میں اپنی مہارت ثابت کرچکے ہیں اور انہوں نے بھی ایک ہفتے میں 14 ریٹنگ پوائنٹس بڑھا کر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔
علاوہ ازیں، بنگلہ دیش کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان ایک بار پھر ٹاپ 10 میں واپس آگئے ہیں، انہوں نے اپنے گزشتہ 2 میچز میں 6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
پاکستان کے حارث رؤف (9 درجے ترقی پانے کے بعد 28ویں نمبر پر آگئے) اور بھارت کے ہاردک پانڈیا (6 درجے ترقی پاکر 60ویں نمبر پر) نے بھی بولنگ میں بہتری دکھائی ہے۔
بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے اوپنر ابھیشیک شرما نے ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے اپنی نمبر ون پوزیشن برقرار رکھی۔
ان کے ساتھی تلک ورما نے 19 گیندوں پر ناقابل شکست 30 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا اور ایک درجہ ترقی پاتے ہوئے نمبر 3 پر آگئے۔
پاکستان کے صاحبزادہ فرحان 31 درجے ترقی کرکے 24ویں نمبر پر پہنچ گئے، حسین طلعت نے سری لنکا کے خلاف میچ میں پر اعتماد اننگز کھیل کر پاکستان کو فتح دلائی اور حیران کن طور پر 1474 درجے ترقی کرتے ہوئے مشترکہ طور پر 234ویں نمبر پر آگئے۔
بنگلہ دیش کے سیف حسن نے بھی بڑی کامیابی حاصل کی، ان کی 61 رنز کی اننگز نے ٹیم کو سپر فور میں فاتحانہ آغاز دلایا اور وہ 133 درجے ترقی کرکے 81ویں نمبر پر آگئے۔
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں ہاردک پانڈیا اس فہرست میں بدستور پہلے نمبر پر ہیں، جب کہ سری لنکا کے ونندو ہسارنگا نے اپنے حالیہ 2 میچز میں چار وکٹیں حاصل کرکے ایک درجہ ترقی کے ساتھ ساتویں نمبر پر جگہ بنالی۔
پاکستان کے فہیم اشرف نے شاندار باؤلنگ کنٹرول کی بدولت 12 درجے ترقی کرکے مشترکہ طور پر 39ویں پوزیشن حاصل کی۔













لائیو ٹی وی