بھارت سے ایشیا کپ کا فائنل جیت کر ہاتھ ملائیں، سابق کپتان کا قومی ٹیم کو مشورہ
سابق کپتان یونس خان نے کہا ہےکہ اگر ایشیا کپ کا فائنل بھارت سے ہوا تو مزہ آئے گا، قومی ٹیم فائنل جیت کر بھارتی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے۔
کراچی میں نیپا اسپورٹس کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، بھارتی ٹیم اپنی حکومت کی ہدایت پر عمل درآمد کرتی ہے، ہم بھی حکومتی احکامات کے پابند ہوتے ہیں۔
یونس خان نے کہا کہ اسپورٹس مین اسپرٹ کہتی ہے کہ آپ جیتو یا ہارو، آپس میں ہاتھ ملاؤ، آئندہ جب پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں، تو پاکستان جیتے اور ہاتھ بڑھائے۔
وہ پھر بھی ہاتھ نہیں ملاتے تو کوئی فرق نہیں پڑتا، آپ آگے بڑھ جائیں، اگر آپ ہاتھ ملانے میں ہی رہ جائیں گے تو بہت پیچھے رہ جائیں گے، کوئی آپ سے ہاتھ نہیں ملانا چاہتا تو اس کی مرضی ہے، بطور مسلمان خیال رکھیں کہ آپ سے کوئی غلطی نہ ہو۔
سابق کپتان نے ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کی ملی جلی پرفارمنس پر ردِ عمل دیتے ہوئےکہا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں مستقل مزاجی کا فقدان ہے، کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ اپنے ذات سے نکل کر ملک و قوم کے لیے کھیلیں۔
جیت کے لیے بہترین منصوبہ بندی اور اچھا کھیلنا ضروری ہے، زیادہ تبدیلیوں سے گریز کریں کیونکہ اس سے ٹیم کا توازن خراب ہوتا ہے، ٹیم کو تمام شعبہ جات میں پرفارمنس دکھانا ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی بیٹنگ کر سکتا ہے تو دوسرے کیوں نہیں کر سکتے، شاہین شاہ آفریدی میں آل راؤنڈر بننے کی صلاحیت ہے، وہ گرائونڈ میں کھیلتا ہوا نظر آرہا ہے۔
یونس خان نے مزید کہا کہ سابق کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان اچھے اور باصلاحیت کھلاڑی ہیں، افغانستان کی کوچنگ کے تجربے کے حوالے سےسابق کپتان نے بتایا کہ افغان ٹیم کے ساتھ بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا، افغان کرکٹ کیمپ میں بڑی عزت ملی۔













لائیو ٹی وی