غیر ازدواجی تعلقات کے بجائے نکاح بہتر ہے، 95 فیصد مرد دوسری شادی کے خواہاں ہیں، صائمہ قریشی
اداکارہ صائمہ قریشی نے کہا ہے کہ مردوں کو غیر ازدواجی تعلقات قائم کرنے کے بجائے نکاح کو ترجیح دینی چاہیے، کیونکہ ان کے مطابق 95 فیصد مرد دوسری شادی کے خواہاں ہوتے ہیں۔
صائمہ قریشی نے ایک بار پھر مردوں کی دوسری شادی کے حوالے سے اپنے مؤقف کا اعادہ کیا ہے۔
حال ہی میں انہوں نے ’ایف ایچ ایم‘ پوڈکاسٹ میں شرکت کی اور کہا کہ اگر مردوں کو افیئرز چلانے کا شوق ہے تو ان کے لیے بہتر ہے کہ وہ کسی کی ذمہ داری لیں، کیونکہ ایک مرد کی غلط حرکت پوری نسل کو تباہ کر سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مرد کسی کے احساسات کے ساتھ کھیلتا ہے یا جھوٹے خواب دکھاتا ہے تو اسے یہ سوچنا چاہیے کہ اس کی اپنی اولاد بھی بڑی ہو رہی ہے، اس لیے بہتر یہی ہے کہ غلط یا حرام تعلقات رکھنے کے بجائے نکاح کرلیا جائے۔
صائمہ قریشی کے مطابق 95 فیصد مرد دوسری شادی کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب مرد غیر ازدواجی تعلقات قائم کرتے ہیں تب تو وہ نہیں ڈرتے، لہٰذا اگر وہ نکاح کریں اور اپنی بیوی کو اعتماد میں لے لیں تو یہ زیادہ بہتر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے خود کئی ایسے مرد دیکھے ہیں جو اپنی دونوں بیویوں کو ساتھ رکھتے ہیں۔
ان کے مطابق دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی کی اجازت لینا دین میں لازم نہیں ہے، تاہم پہلی بیوی کو آگاہ ضرور کرنا چاہیے۔
اداکارہ نے بتایا کہ کئی ایسی خواتین بھی موجود ہیں جو اپنے شوہروں کی دوسری شادی خود کرواتی ہیں اور اس طرح کی مثالیں میڈیا میں بھی نظر آتی ہیں۔
یاد رہے کہ فروری 2025 میں بھی صائمہ قریشی نے اسی یوٹیوب چینل کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مردوں کو دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے اور غیر ازدواجی تعلقات رکھنے سے بہتر ہے کہ نکاح کیا جائے۔












لائیو ٹی وی