پیپلز پارٹی نے سندھ کے بلدیاتی ضمنی انتخابات میں اکثریت حاصل کر لی
کم ووٹر ٹرن آؤٹ کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی اور سندھ کے 13 دیگر اضلاع میں بلدیاتی ضمنی انتخابات میں اکثریت حاصل کر لی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 28 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی، جن میں 6 نشستیں یو سی چیئرمین، 7 نشستیں وائس چیئرمین، 2 ضلعی کونسل ممبران اور 13 نشستیں جنرل کونسلرز کی تھیں۔
کراچی، حیدرآباد، مٹیاری، ٹھٹہ، گھوٹکی، سکھر، خیرپور، میرپورخاص، عمرکوٹ، دادو، جامشورو، حیدرآباد اور بدین میں صبح 8 بجے پولنگ شروع ہوئی اور شام 4 بجے تک پرامن طور پر جاری رہی۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی پی پی نے مجموعی طور پر 20 نشستیں حاصل کیں، تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے 2 نشستیں حاصل کیں، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)، جماعت اسلامی (جے آئی) اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار اور ایک آزاد امیدوار نے ایک، ایک نشست جیتی۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔
160 کے قریب امیدواروں نے ضمنی انتخابات میں حصہ لیا، ووٹر ٹرن آؤٹ بہت کم رہا اور اپوزیشن جماعتوں نے حکمران پیپلز پارٹی پر دھاندلی کے الزامات لگائے۔
کراچی میں پی پی 4، جماعت اسلامی کی ایک نشست
کراچی میں 5 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے، جن میں ایک یو سی چیئرمین، 3 وائس چیئرمین اور ایک جنرل ممبر کی نشست شامل ہے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے یو سی چیئرمین کی واحد نشست اور تینوں وائس چیئرمین کی نشستیں جیت لیں، جب کہ جے آئی نے جنرل ممبر کی نشست حاصل کی۔
ابتدائی نتائج کے مطابق پی پی پی کی شہنیلا عامر نے 3 ہزار 801 ووٹ لے کر اورنگی ٹاؤن کی یو سی-1 چیئرپرسن کی نشست جیت لی، جب کہ ٹی ایل پی کے محمد علی نے ایک ہزار 787 ووٹ حاصل کیے۔
پی پی پی کے محمد فیصل نے ضلع کیماڑی کی یوسی-8 (سعیدآباد) بلدیہ ٹاؤن سے وائس چیئرمین کی نشست 3 ہزار 132 ووٹ لے کر جیت لی، ج بکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ حسنین چوہان نے ایک ہزار 84 اور جے آئی کے یاسر حیات نے 769 ووٹ لیے۔
پی پی پی کے شیرروز احمد نے ضلع شرقی کی یوسی-8 (نیو سبزی منڈی) ٹی ایم سی سہراب گوٹھ سے ایک ہزار 790 ووٹ لے کر وائس چیئرمین کی نشست جیت لی، جب کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار جلیل احمد 166 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی پی کے اسٹیفن مسیح نے ضلع غربی کی یوسی-10 (لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ) ٹی ایم سی منگھوپیر سے 891 ووٹ لے کر وائس چیئرمین کی نشست پر کامیابی حاصل کی، جب کہ اے این پی کے احسن اللہ 324 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
جے آئی کے بلال نصیر نے ضلع غربی کی یوسی-7 (شاہ ولی اللہ نگر) ٹی ایم سی اورنگی ٹاؤن سے جنرل ممبر کی نشست 40 ووٹ کے معمولی فرق سے پی پی پی کے امیدوار کو شکست دے کر حاصل کی۔
حیدرآباد میں ملی جلی صورتحال
حیدرآباد میں 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے جن میں پی پی پی اور ٹی ایل پی نے 2، 2 نشستیں حاصل کیں جب کہ باقی 2 نشستیں آزاد امیدواروں نے جیتیں۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق، پی پی پی نے یو سی چیئرمین اور جنرل ممبر کی ایک ایک نشست جیتی؛ ٹی ایل پی نے جنرل ممبر کی 2 نشستیں حاصل کیں، ایک آزاد امیدوار وائس چیئرمین منتخب ہوا، جب کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار نے جنرل ممبر کی نشست جیتی۔
ابتدائی نتائج کے مطابق، پی پی پی کے مرتضیٰ شورو 2 ہزار 50 ووٹ لے کر ٹی ایم سی سچل سرمست لطیف آباد کی یوسی-94 کے چیئرمین منتخب ہوئے جب کہ اسی ٹی ایم سی کی یوسی-106 کی وائس چیئرمین کی نشست آزاد امیدوار قاضی خلیل نے 494 ووٹ لے کر جیتی۔
ٹی ایم سی پکا قلعہ کی یوسی-39 سے پی پی پی کے خادم حسین بھٹو جنرل ممبر منتخب ہوئے، ٹی ایل پی کے محفوظ احمد اور سلیم عباسی نے بالترتیب یوسی-50 کے وارڈ-2 ٹی ایم سی پکا قلعہ اور یوسی-106 کے وارڈ-3 ٹی ایم سی سچل سرمست لطیف آباد سے جنرل ممبر کی نشستیں جیتیں، جب کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سید مبشر جعفری نے یوسی-112 ٹی ایم سی شاہ لطیف آباد کے وارڈ-4 سے جنرل کونسلر کی نشست حاصل کی۔
دیگر اضلاع کے نتائج
سکھر میں پی پی پی کے نذیر احمد اور محمد سوبال نے وائس چیئرمین اور جنرل ممبر کی نشستیں جیت لیں۔
دادو میں پی پی پی کے فتح کھچی اور صدام حسین ضلعی ممبر اور جنرل ممبر کی نشستوں پر کامیاب ہوئے۔
خیرپور سے پی پی پی کے ایوب بُریرو اور ممتاز شیخ چیئرمین اور جنرل ممبر منتخب ہوئے، میرپورخاص میں پی پی پی کے بہار علی نے یو سی چیئرمین کی نشست اور آزاد امیدوار اویس نے جنرل ممبر کی نشست جیتی۔
گھوٹکی سے پی پی پی کے خالد احمد یو سی چیئرمین منتخب ہوئے، جب کہ عمرکوٹ سے پی پی پی کے رضا حمید اور علی گوہر تالپور نے چیئرمین اور ضلعی ممبر کی نشستیں جیتیں، جب کہ جی ڈی اے کے فقیر دائم منگریو جنرل ممبر منتخب ہوئے۔
بدین سے پی پی پی کے نذیر خاصخیلی یو سی چیئرمین منتخب ہوئے، جب کہ جامشورو کی دونوں جنرل ممبر نشستیں پی پی پی کے امیدوار عبدالباسط میمن اور عبدالكریم میمن نے جیتیں۔
پی ٹی آئی کے دھاندلی کے الزامات
کراچی میں دن کے آغاز میں پولنگ اسٹیشنز سنسان رہے لیکن اختتامی وقت کے قریب ووٹرز گھروں سے نکلے۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجا اظہر نے الزام لگایا کہ پی پی پی نے وسیع پیمانے پر دھاندلی کی اور ان کے ایم پی ایز اور منتخب بلدیاتی نمائندے مسلح گارڈز اور حامیوں کے ساتھ تقریباً تمام پولنگ اسٹیشنز پر گئے، جس سے پولنگ کا عمل متاثر ہوا اور عملے پر دباؤ ڈالا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یوسی-8 (سعیدآباد) بلدیہ ٹاؤن کے ایک پولنگ اسٹیشن (الحمزہ اسکول) پر ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد 149 تھی، مگر غیر سرکاری نتیجے میں پی پی پی کے امیدوار کے 282 ووٹ دکھائے گئے۔













لائیو ٹی وی