بھارتی کپتان کا سیاسی بیان ان کے گلے پڑ گیا، آئی سی سی کا کارروائی کا عندیہ

شائع September 25, 2025
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کے خلاف جیت کے بعد سیاسی بیانات دینے پر بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو مشکل میں آگئے، آئی سی سی نے بی سی سی آئی سے وضاحت طلب کرلی۔

متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کے دوران 14 ستمبر کو پاک-بھارت ٹاکرے کے دوران بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کپتان اور کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملاکر نہ صرف اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کی تھی بلکہ جیت کے بعد انہوں نے سیاسی بیانات بھی دیے تھے۔

پوسٹ میچ پریس کانفرنس کے دوران سوریا کمار یادیو نے پاکستان کے خلاف اپنی جیت کو پہلگام واقعے کے متاثرین کے اہل خانہ کے نام کیا تھا۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں اپریل میں ہونے والے اس فالس فلیگ آپریشن میں 24 افراد ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد بھارتی نے بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزام عائد کردیے تھے جو وہ آج تک ثابت نہ کرسکے۔

بعد ازاں، پاکستان اور بھارت کے درمیان مختصر جنگ بھی ہوئی تھی جس میں پاکستانی ایئرفورس نے نہ صرف بھارت کے رافیل سمیت 6 طیارے گرائے بلکہ ان کا ایئرڈیفنس سسٹم ایس-400 بھی تباہ کردیا تھا۔

اپریل کے اس حملے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان مختصر فوجی کشیدگی پیدا ہوگئی تھی، کیونکہ نئی دہلی نے بغیر ثبوت کے اس حملے کا الزام اسلام آباد پر لگا دیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سوریا کمار یادیو کے سیاسی بیان کا معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں اٹھایا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے اس معاملے پر وضاحت طلب کرلی ہے۔

آئی سی سی نے کہا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے دائر کی گئی شکایت کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس پر کارروائی کرتے ہوئے باضابطہ سماعت بھی کی جا سکتی ہے، اور معاملے کی مزید تحقیقات کے بعد سوریا کمار یادیو پر جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق میچ ریفری رچی رچرڈسن نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کو ایک ای میل بھیجی ہے جس میں انہوں نے تسلیم کیا کہ انہیں پی سی بی کی جانب سے سوریا کمار یادیو کے میچ کے بعد کے بیان اور پریس کانفرنس کے حوالے سے دو باضابطہ رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025