اقلیتی کاکس کی تشکیل نو، سینیٹر دنیش کمار کنوینر مقرر
چیئرمین سینیٹ نے اقلیتی کاکس کی نئی تشکیل کی منظوری دیتے ہوئے سینیٹر دنیش کمار کو کاکس کا کنوینر مقرر کر دیا، کاکس کے ممبران کی کُل تعداد 15 ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اقلیتی کاکس کی تشکیل نو کرتے ہوئے سینیٹر دنیش کمار کو کاکس کا کنوینر مقرر کیا ہے۔
اقلیتی کاکس کے اراکین میں سینیٹر گردیپ سنگھ، سینیٹر پونجو مل بھیل اور سینیٹر خلیل طاہر سندھو شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، اقلیتی کاکس کے اراکین میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، کیسو مل کھیل داس، ڈاکٹر درشن، نیلسن عظی، اسفنیار بھنڈارا، رمیش لال، نوید عامر، نیلم، جیمز اقبال، رمیش کمار ونکوانی اور سنجے پروانی بھی شامل ہیں۔

اقلیتی کاکس کا کنوینر مقرر کیے جانے پر سینیٹر دنیش کمار نےکہا کہ میں شکر گزار ہوں کہ چیئرمین سینیٹ نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے اقلیتی کاکس کا کنوینر نامزد کیا، ہماری اولین ترجیح پاکستان کی اقلیتی برادری کے لیے مؤثر قانون سازی، ان کی فلاح و بہبود اور وطنِ عزیز کی بھلائی ہوگی۔
سینیٹر دنیش کمار نے مزید کہا کہ اقلیتی ارکان قومی اور صوبائی سطح پر ہمیشہ پاکستان کے مفاد میں مثبت کردار ادا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ قانون سازی اور پالیسی سازی کے عمل میں بھرپور حصہ لیتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتی کاکس کی نئی تشکیل سے اقلیتوں کے مسائل کے حل اور ان کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔











لائیو ٹی وی