• KHI: Partly Cloudy 29.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 35.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 27.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 29.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 35.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 27.3°C

اسٹیٹ بینک کی ڈیجیٹل فنڈز ٹرانسفر کیلئے 2 گھنٹے کے کولنگ پیریڈ سے متعلق وضاحت

شائع September 29, 2025 اپ ڈیٹ September 29, 2025 05:53pm
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ڈیجیٹل فنڈز ٹرانسفر کے لیے 2 گھنٹے کے کولنگ پیریڈ سے متعلق وضاحت جاری کردی، جس میں کہا گیا کہ 2 گھنٹے کا کولنگ پیریڈ صرف اس وقت لاگو ہوتا ہے، جب رقم برانچ لیس بینکنگ والٹس/ اکاؤنٹس میں وصول کی جائیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈیجیٹل فنڈز ٹرانسفر کے لیے 2 گھنٹے کے کولنگ پیریڈ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک خبر زیر گردش ہے۔

اس حوالے سے وضاحت کی جاتی ہے کہ تمام ڈیجیٹل فنڈز ٹرانسفر رئیل ٹائم (بروقت) بنیاد پر ہوتے ہیں اور رقوم وصول کنندگان کے اکاؤنٹس میں تقریباً فوری طور پر منتقل ہو جاتی ہے۔

اسٹیٹ بینک نے اپنی پریس ریلیز میں کہا کہ یہ 2 گھنٹے کا کولنگ پیریڈ صرف اس وقت لاگو ہوتا ہے جب رقم برانچ لیس بینکنگ والٹس/ اکاؤنٹس میں وصول کی جائے۔

اگرچہ ان اکاؤنٹس میں بھی فنڈز فوری طور پر منتقل ہو جاتے ہیں، لیکن ان فنڈز کی کیش آؤٹ، آن لائن خریداری یا موبائل ٹاپ اپ دو (02) گھنٹے کے کولنگ پیریڈ کے بعد ہی ممکن ہوتے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ یہ شرط اپریل 2023 میں متعارف کرائی گئی تھی کیونکہ برانچ لیس بینکنگ اکاؤنٹس کے لیے کسٹمر ڈیو ڈیلجنس (سی ڈی ڈی) کے تقاضے نسبتاً سادہ ہیں اور اس وجہ سے ان کا جعلی یا فراڈ لین دین میں استعمال ہونے کا امکان زیادہ ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق 2 گھنٹے کا کولنگ پیریڈ صارفین کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ اگر کوئی مشکوک یا فراڈ ٹرانزیکشن ہو جائے تو وہ فوری طور پر اپنے بینک کو رپورٹ کر سکیں۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے مزید کہا گیا کہ تقریباً ڈھائی سال قبل جاری کی گئی یہ ہدایات مؤثر ثابت ہوئی ہیں اور جعلی ٹرانزیکشنز کے خلاف ایک مضبوط حفاظتی طریقہ کار کے طور پر کامیابی سے کام کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ 19 ستمبر کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کو بریفنگ دیتے ہوئے ملک میں ڈیجیٹل پیمنٹس کے نظام کی ترقی پر روشنی ڈالی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کا ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر اس وقت 22 کروڑ 60 لاکھ اکاؤنٹس اور 4 کروڑ 60 لاکھ راست آئی ڈیز کی سہولت فراہم کر رہا ہے، لین دین کی مالیت میں اضافے اور سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں بینک لائیبیلٹی فریم ورک اور فراڈ کم کرنے کے لیے 2 گھنٹے کا ’کولنگ آف پیریڈ‘ شامل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 اپریل 2026
کارٹون : 23 اپریل 2026