• KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 23°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 23°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.8°C

یکم اکتوبر سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 2 سے 3 روپے اضافے کا امکان

شائع September 30, 2025
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مئی سے اب تک فی لیٹر تقریباً 13 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مئی سے اب تک فی لیٹر تقریباً 13 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں بدھ سے اکتوبر کی پہلی 15 روزہ مدت کے لیے فی لیٹر 2 سے 3 روپے اضافہ متوقع ہے، جو عالمی تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے مطابق ہوگا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری اندازوں کے مطابق موجودہ ٹیکس شرحوں کی بنیاد پر ایکس ڈپو پرائس آف ایچ ایس ڈی میں تقریباً فی لیٹر 2.50 روپے (تقریباً ایک فیصد) اضافہ ہوسکتا ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 1.90 سے 2 روپے تک کا اضافہ متوقع ہے، دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں مئی کے وسط سے اب تک فی لیٹر تقریباً 13 روپے کا مجموعی اضافہ ہوچکا ہے۔

اس وقت پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت فی لیٹر 264.61 روپے ہے، پیٹرول کا استعمال زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں میں ہوتا ہے، جو درمیانے اور نچلے طبقے کے روزمرہ اخراجات پر اثر انداز ہوتا ہے۔

ایچ ایس ڈی کی ایکس ڈپو قیمت فی لیٹر 272.77 روپے ہے، ایچ ایس ڈی کا استعمال زیادہ تر ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں، ٹرینوں اور زرعی مشینری میں ہوتا ہے، اس لیے یہ ایک مہنگائی سے جڑا ہوا پروڈکٹ ہے، کیونکہ اس کا اثر فریٹ اور غذائی اجناس کی قیمتوں پر پڑتا ہے۔

ٹرانسپورٹرز نے مئی سے اگست کے دوران فی لیٹر 27 روپے اضافے کے بعد کرایوں میں اضافہ کیا تھا، جو حالیہ ہفتوں میں فی لیٹر 13 روپے کمی کے باوجود کم نہیں کیا گیا۔

اسی دوران مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بالترتیب فی لیٹر 4.50 روپے اور 1.75 روپے اضافے کا امکان ہے۔

فی الحال حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی عائد نہیں کر رہی، لیکن بھاری لیویز وصول کی جا رہی ہیں، ان میں ڈیزل پر فی لیٹر 79.50 روپے اور پیٹرول و ہائی اوکٹین مصنوعات پر فی لیٹر 80.52 روپے شامل ہیں، جن میں فی لیٹر 2.50 روپے سی ایس ایل کے تحت بھی وصول کیے جا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ، پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریباً فی لیٹر 16 سے 17 روپے کسٹمز ڈیوٹی بھی نافذ ہے، چاہے یہ مصنوعات درآمد کی گئی ہوں یا مقامی طور پر تیار کی گئی ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026