ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشین ڈیولپمنٹ آوٹ لک رپورٹ جاری کردی
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ایشین ڈیولپمنٹ آوٹ لک رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق رواں مالی سال معاشی شرح نمو اور مہنگائی مقررہ اہداف سے کم رہنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 3 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے اور اس سال جولائی کی رپورٹ میں بھی معاشی شرح نمو کا تخمینہ 3 فیصد لگایا گیا تھا تاہم، وفاقی حکومت نے رواں مالی سال معاشی شرح نمو کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان میں اوسط مہنگائی 6 فیصد رہنے کی توقع ہے جب کہ بینک نے جولائی کی رپورٹ میں رواں مالی سال مہنگائی کا تخمینہ 5.8 فیصد لگایا تھا تاہم، وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے لیے اوسط مہنگائی کا ہدف 7.5 فیصد رکھا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب کے بعد فوڈ چین سپلائی متاثر ہوئی ہے، اسٹیٹ بینک شرح سود کو کم کرنے کے لیے محتاط پالیسی اپنا رہا ہے جب کہ پاکستان میں اصلاحات کے باعث معاشی استحکام دکھائی دے رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے تحت معاشی اصلاحات پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، معاشی ترقی کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
مزید کہا گیا کہ معاشی استحکام کے لیے پالیسیوں کا تسلسل درکار ہے، پاک-امریکا تجارتی معاہدے کے بعد کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا امکان ہے۔












لائیو ٹی وی