والدین شادی شدہ بیٹیوں کو زیادہ سپورٹ نہ کریں، انہیں اپنے مسائل خود حل کرنے دیں، صائمہ قریشی

شائع September 30, 2025
—فوٹو: ریویو پی کے
—فوٹو: ریویو پی کے

اداکارہ صائمہ قریشی نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شادی شدہ بیٹیوں کو زیادہ سپورٹ نہ کریں اور انہیں اپنے مسائل خود حل کرنے دیں۔

صائمہ قریشی نے حال ہی میں ’ایف ایچ ایم‘ پوڈکاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے طلاق کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے موجودہ دور میں طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح پر اپنی ذاتی رائے پیش کرتے ہوئے والدین کو مشورہ دیا کہ جب ان کی بیٹیوں کی شادیاں ہوجائیں تو انہیں اپنی بیٹیوں کے معاملات میں حد سے زیادہ سپورٹ یا مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

ان کے مطابق والدین کو بیٹیوں کو یہ سمجھانا چاہیے کہ زندگی میں اچھے اور برے حالات آتے رہتے ہیں اور انہیں شادی کے بعد اپنی مشکلات خود حل کرنی چاہیے۔

اداکارہ نے کہا کہ والدین کو بیٹیوں کو یہ بھی سکھانا چاہیے کہ اگر سسرال یا شوہر کی طرف سے کسی معاملے میں اختلاف ہو تو یہ اس کی اپنی جنگ ہے، اسے خود لڑنی ہوگی اور بار بار والدین کو فون کرکے مسئلہ بتانے کی ضرورت نہیں، تاہم اگر شوہر تشدد کرے تو پھر برداشت نہیں کرنا چاہیے۔

صائمہ قریشی نے مزید کہا کہ شادی ایک نازک رشتہ ہے اور وہ جب بھی کسی کی شادی کی خبر سنتی ہیں تو دعا کرتی ہیں کہ ان کی شادی کامیاب ہو۔

قبل ازیں صائمہ قریشی نے مردوں کو مشورہ دیا تھا کہ انہیں غیر ازدواجی تعلقات قائم کرنے کے بجائے نکاح کو ترجیح دینی چاہیے، کیونکہ ان کے مطابق 95 فیصد مرد دوسری شادی کے خواہاں ہوتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 10 مارچ 2026
کارٹون : 9 مارچ 2026