خود پر سے بھروسہ اٹھ گیا تھا، ہر دو تین مہینے بعد نیا چہرہ پسند آجاتا تھا، فائزہ حسن
اداکارہ فائزہ حسن نے انکشاف کیا کہ انہیں زندگی میں بار بار محبت ہوتی رہی، ہر چند ماہ بعد کوئی نیا چہرہ انہیں پسند آجاتا تھا، جس کی وجہ سے وہ خود پر سے بھروسہ کھو بیٹھیں۔
فائزہ حسن نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور انڈسٹری کے تجربات پر کھل کر گفتگو کی۔
محبت کے بارے میں بات کرتے ہوئے فائزہ حسن نے کہا کہ انہیں زندگی میں کئی بار یکطرفہ محبت ہوئی ہے، پہلی مرتبہ سترہ سال کی عمر میں محبت ہوئی تھی، لیکن چند ماہ بعد دوبارہ محبت ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں بار بار محبت ہوتی رہتی تھی اور ایک وقت ایسا بھی آیا کہ انہیں خود پر ہی بھروسہ نہیں رہا کہ ہر کچھ دن بعد کوئی انہیں اچھا لگنے لگتا ہے۔
بعدازاں انہوں نے بتایا کہ ایک شخص کے لیے ان کی کیفیت دو سے تین سال تک برقرار رہی اور اس وقت انہیں لگا کہ شاید یہ حقیقی محبت ہے۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ جب وہ انڈسٹری میں نئی آئی تھیں تو والدہ نے انہیں سمجھایا تھا کہ اگر کبھی کوئی اپنے جذبات کا اظہار کرے تو بدتمیزی نہیں کرنا بلکہ آرام سے انکار کر دینا۔
فائزہ حسن نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی والدہ کی نصیحت پر عمل کیا اور ایسی صورتحال میں شائستگی سے انکار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ شوبز کی شروعات میں انہیں بڑے کرداروں کی پیشکش نہیں ہوتی تھی، چھوٹے کردار ہی آتے تھے، مگر ان کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ وہ ایک اچھی اداکارہ بنیں، اسی لیے انہوں نے ماڈلنگ کا رخ کیا، جہاں انہیں آسانی سے کام ملنے لگا اور مقبولیت حاصل کرنے کے بعد ڈراموں میں بھی اچھے کرداروں کی پیشکش ہونے لگیں۔
فائزہ حسن نے مزید کہا کہ انڈسٹری میں داخلے کے وقت ان کا جسم بالکل مناسب تھا اور وہ فربہ نہیں تھیں، لیکن اس کے باوجود لوگ انہیں مشورے دیتے تھے کہ ناک کی سرجری کروا لیں یا وزن کم کر لیں۔












لائیو ٹی وی