بلوچستان: کوئٹہ اور شیرانی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں بھارتی اسپانسرڈ 18 دہشتگرد ہلاک

شائع October 1, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 18 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، کوئٹہ کے نواحی علاقے غزا بند میں سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں 10 دہشت گرد جبکہ ضلع شیرانی میں کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز نے غزا بند میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا، پہاڑی علاقے میں انٹیلی جنس اطلاعات پر ہونے والے اس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بھارتی اسپانسرڈ 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

فائرنگ کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے، آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

دریں اثنا، بلوچستان کے ضلع شیرانی میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخواج کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

دریں اثنا، انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آج ضلع خضدار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بھارتی پراکسی تنظیم ’فتنۃ الہندستان‘ کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، جو بزدلانہ طور پر خواتین کا لباس پہن کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جبکہ گرفتار دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی دہشت گردوں کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اس عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور دہشت گردوں کو ہر حال میں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں حالیہ مہینوں میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں بھی تیزی آئی ہے۔

گزشتہ روز کوئٹہ میں حالی روڈ پر ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملے میں خودکش حملہ آور سمیت 6 دہشت گرد مارگئے تھے جبکہ 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور 2 درجن سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس) کے مطابق اگست 2025 میں بلوچستان میں دہشت گردوں کے 28 حملے ہوئے جس کے نتیجے میں 52 افراد لقمہ اجل بنے جن میں 23 سیکیورٹی اہلکار، 21 شہری اور 8 عسکریت پسند شامل ہیں جبکہ 45 افراد زخمی ہوئے، جن میں 23 سیکیورٹی اہلکار اور 22 شہری شامل ہیں، عسکریت پسندوں نے کم از کم 5 افراد کو اغوا کیا، سیکیورٹی فورسز نے 50 عسکریت پسند ہلاک کیے، جو جون 2015 کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025