• KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.3°C

پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی ملاقات، مسائل افہام و تفہیم سےحل کرنے پر اتفاق

شائع October 1, 2025
فوٹو:  ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان بڑھتی ہوئی دوریوں کے پیش نظر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں افہام و تفہیم سے تمام مسائل حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چیمیر میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم اسحق ڈار، سینیٹر رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق رہنما پیپلزپارٹی نوید قمر نے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کو پیغام دیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو اس طرح کے بیانات سے اجتناب کرنا چاہیے۔

نوید قمر نے رانا ثناء اللہ سے کہا کہ سخت بیانات کے جواب میں جارحانہ بیانات دیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی نے کی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے افہام و تفہیم سے تمام مسائل حل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز سے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ اور ایک دوسرے پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ دنوں میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سمیت کئی پی پی رہنما کہہ چکے ہیں کہ وفاقی حکومت کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب زدگان کی مدد کرنی چاہیے، نیز یہ کہ وفاقی حکومت کا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب زدگان کی مدد نہ کرنا افسوس ناک ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ وفاقی حکومت سیلاب زدگان کے لیے عالمی امداد کی اپیل کرے۔

اس کے جواب میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی تجویز رد کرتے ہوئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب زدگان کی مدد کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

بعدازاں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے عوام کی خدمت کے لیے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں اور ہر چیز کا علاج صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نہیں ہے اور بھیک مانگنے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب اگر اپنے حق کے لیے لڑے تو دوسروں کو کیا مسئلہ ہے، پنجاب اگر اپنے حصے کی نہریں نکالناچاہے تو دوسروں کا کیا تکلیف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب سیلاب متاثرین کی مدد پر اعتراض ہو رہا ہے، پنجاب کے عوام کو ان کا حق دینے کے لیے کسی سے اجازت کی ضرورت نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025