’سیاست کو کھیل سے الگ ہونا چاہیے‘، ڈی ویلیئرز بھی بھارتی ٹیم کے رویے پر برس پڑے

شائع October 2, 2025
— فائل فوٹو: بھارتی میڈیا
— فائل فوٹو: بھارتی میڈیا

جنوبی افریقہ کے لیجنڈری کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے ایشیاکپ 2025 میں بھارتی ٹیم کے رویے پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کو کھیل سے الگ ہونا چاہیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کئی سالوں تک رائل چیلنجرز بینگلورو کی نمائندگی کرنے والے اسٹار بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے ایشیاکپ میں بھارتی ٹیم کے رویے پر اپنا موقف پیش کیا۔

اپنے یوٹیوب چو ’360‘ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ایشیا کپ ٹرافی وصول کرنے سے انکار کیا، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا ’سیاست کو کھیل سے الگ رکھنا چاہیے‘۔

انہوں نے کہا کہ ایک بہترین ٹورنامنٹ کے اختتام پر بھارت کی جانب سے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر سے ٹرافی نہ لینے کے بعد جو غیر معمولی تقریب دیکھنے کو ملی، وہ افسوسناک تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی اور پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان کشیدگی دیکھنے کو ملی، نہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملائے گئے اور پھر ٹورنامنٹ کے اختتام پر جو کچھ دیکھنے کو ملا اس نے کھیل کو پس منظر میں دھکیل دیا۔

ڈی ویلیئرز نے کہا کہ بھارتی ٹیم جیتنے کے باوجود اس چیز سے خوش دکھائی نہیں دے رہی تھی کہ ٹرافی کون دے رہا ہے، میرا خیال ہے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے، کھیل ایک الگ چیز ہے جسے بھرپور طریقے سے انجوائے کرنا چاہیے اس میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سب دیکھ کر کافی افسوس ہوا، ان مناظر نے کھلاڑیوں کو ایک مشکل پوزیشن میں ڈال دیا، اور مجھے یہی چیز ناپسند ہے، آخر میں منظر واقعی کافی عجیب لگ رہا تھا لیکن امید ہے مستقبل میں یہ سب بہتر ہوگا ۔

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان نے کہا کہ کھیل سے باہر کی دشمنیوں کو میدان اور اس کے اردگرد کے معاملات پر اثرانداز نہیں ہونا چاہیے، ہمیں صرف اس چیز پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے جو سب سے اہم (یعنی کرکٹ) ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ایشیاکپ 2025 کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستان کے خلاف میچ کے دوران پہلے کپتان اور پھر قومی ٹیم سے ہاتھ نہ ملاکر اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کی۔

یہی نہیں، میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان نے پہلگام واقعے کا ذکر کرکے کرکٹ میں سیاست لے آئے اور پھر فائنل جیتنے کے بعد بھی اپنی حرکتوں سے باز نہ آئے، ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے ہی انکار کردیا۔

بھارتی ٹیم کی ان حرکتوں پر ان کے سابق کپتان اور کھلاڑی بھی خاموش نہ رہے، بھارتی ٹیم اور کرکٹ بورڈ پر خود تنقید کی۔

سابق کپتان کپل دیو نے کہا کہ جب حکومت نے کھیلنے کی اجازت دے دی ہے تو ہاتھ ملانا کوئی بڑی بات نہیں، کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔

سابق بھارتی کھلاڑی وہیڈ کوچ روی شاستری بھی بھارتی ٹیم کی اوچھی حرکت پر چراغ پا ہوگئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ فائنل ختم ہونے کے بعد اختتامی تقریب کےلیے 45 منٹ تک ڈراما کرتے رہے، شائقین انتظار کرتے رہے مگر آپ اپنی ہٹ دھرمی پر ڈٹے رہے، بھارتی ٹیم کی یہ حرکت گھناؤنی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025