• KHI: Partly Cloudy 28.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.4°C
  • ISB: Cloudy 19.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 28.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.4°C
  • ISB: Cloudy 19.1°C

پیپلز پارٹی نے مریم نواز کے بیانات مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کی خلاف ورزی قرار دے دیے

شائع October 4, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

پیپلز پارٹی نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے متنازع کینال منصوبے سے متعلق بیان کو مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے فیصلے کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے معاملے پر شروع ہونے والی بیان بازی کا سلسلہ دریائے سندھ کے پانی کے حقوق تک جا پہنچا، جب وزیراعلیٰ مریم نواز نے پی پی پی قیادت کو کہا کہ وہ اپنی ’نصیحتیں اپنے پاس رکھیں‘۔

ردعمل کے طور پر پیپلز پارٹی کے ارکانِ اسمبلی نے پارلیمانی کارروائی سے دور رہتے ہوئے احتجاج کیا تھا، بعدازاں بدھ کو اسلام آباد میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ملاقات ہوئی تھی تاکہ تنازع ختم کرنے کی کوشش کی جا سکے، جہاں پیپلز پارٹی نے مریم نواز کو مشورہ دیا تھا کہ پانی کے حقوق پر گفتگو کرتے وقت ’اپنے لہجے پر نظرِثانی کریں‘۔

تاہم مریم نواز نے ایک روز قبل واضح کیا تھا کہ وہ اپنے بیان پر پیپلزپارٹی سے کبھی معافی نہیں مانگیں گی، جبکہ پیپلز پارٹی نے کہا تھا کہ وہ پنجاب کے عوام کی نمائندہ نہیں کیونکہ ان کی حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نے آج ایک بیان میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے متنازع کینال منصوبے کے متعلق ریمارکس کو سی سی آئی کے فیصلے کی خلاف ورزی اور آئینی فورم کی توہین قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے مریم نواز کے ریمارکس کا نوٹس لینے اور پارٹی پالیسی واضع کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

واضح رہے کہ 28 اپریل کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل نے دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کا منصوبہ مسترد کر دیا تھا، یہ معاملہ پنجاب اور سندھ کے درمیان اختلاف کا باعث بنا تھا، منصوبے کو ابتدائی طور پر وزیراعلیٰ مریم نواز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شروع کیا تھا۔

رہنما پیپلزپارٹی نثار کھوڑو نے کہا کہ سی سی آئی کا آئینی فورم متنازع کینال منصوبے کو مسترد اور دفن کرچکا ہے، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سی سی آئی کے آئینی فورم سے بالاتر نہیں ہیں اور مریم نواز کی اکیلے سی سی آئی کے مقابلے میں کوئی حیثیت نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سی سی آئی کا یہ متفقہ فیصلہ ہے کے جب تک تمام صوبے اتفاق نہیں کریں گے تب تک کوئی کینال منصوبہ نہیں بنے گا اور سندھ کو کسی صورت متنازع کینال منصوبے قبول نہیں ہیں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ مریم نواز کو اپنے صوبے کے اندر اپنے دریاؤں پر اپنے پانی سے ڈیم بنانے سے کسی نے نہیں روکا مگر سندھو دریا پر لنک کینالز اور ڈیم بنانے کی بات کریں گے تو سندھ نے نواز شریف کو کالاباغ ڈیم بنانے نہیں دیا تو مریم نواز کی کیا حیثیت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ اپنے سندھو دریا کے پانی پر کسی کو بھی ڈاکا ڈالنے نہیں دے گا نہ ہی سندھو دریا پر کسی کو ڈیم بنانے دیں گے، آئینی طور پر پانی پر پہلا حق ٹیل والے صوبے سندھ کا ہے اور سندھ کے پانی پر حملہ سندھ اور ملک کی وحدت پر حملہ تصور ہوگا۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز پیپلز پارٹی کی پنجاب میں بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں، اس لیے وہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے رلیف دینے کے عمل کی مخالف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر نہیں، ہیپلز پارٹی سمیت ہر سیاسی جماعت کو پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں کرنے کا حق حاصل ہے۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ مریم نواز کی پنجاب کے سیلاب متاثرین کو امداد و ریلیف پہنچانے کی کارکردگی کے دعوے صرف صرف ٹی وی چینلز تک محدود ہیں، پنجاب کے سیلاب متاثرین تاحال امداد و ریلیف کے لیے انتظار کرکے ترس رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے سیلابی پانی کو پھیلانے کے لیے ایک منصوبہ بندی کے ساتھ کٹ لگوا کر غریب کسانوں اور ان کے فصلوں کو ڈبویا اور امیر طبقے کے بنگلوں کو بچایا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025