جویریہ سعود نے روزانہ گھر آنے والے مداح کے پریشان کن رویے کا انکشاف کر دیا
اداکارہ و میزبان جویریہ سعود نے ایک مداح کے روزانہ گھر آنے والے رویے کے حوالے سے اپنے تجربات کا انکشاف کیا۔
جویریہ سعود نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے ایک اہم واقعے کا ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ شادی سے پہلے ہی انہوں نے ڈراموں میں اداکاری شروع کردی تھی، اس لیے کافی لوگ انہیں پہلے سے جانتے تھے۔
اداکارہ کے مطابق انہی دنوں کی بات ہے کہ ایک مداح ان کے گھر روز آنے لگا تھا، جب بھی وہ گھر واپس جاتیں، وہ مداح دروازے پر موجود ہوتا، کبھی اس کے ہاتھ میں پھول ہوتے، کبھی کوئی تحفہ۔
جویریہ سعود نے کہا کہ اس زمانے کی لڑکیاں عام طور پر ایسے واقعات سے ڈرجایا کرتی تھیں، جب کہ دراصل خوف سامنے والے کو ہونا چاہیے تھا، لیکن والدین اور گھروالوں کے دباؤ کی وجہ سے لڑکیاں خود ہی ڈر جاتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب تک وہ خاموش رہا، انہوں نے اسے کچھ نہیں کہا، لیکن ایک دن اس نے انہیں مخاطب کرکے کہا کہ وہ بہت معصوم بنتی ہیں، جیسے انہیں معلوم نہ ہو کہ کس کے لیے وہ یہاں بیٹھتا ہے اور یہ بھی بتایا کہ وہ ان کا بہت بڑا مداح ہے۔
جویریہ سعود نے کہا کہ اس کی بات سننے کے بعد انہوں نے اپنا ہینڈ بیگ، جو کہ میک اپ اور دیگر سامان سے بھرا ہوا تھا، اس کے منہ پر گھما کر مارا اور کہا کہ تم نے عجیب تماشا لگایا ہوا ہے، تین مہینوں سے روز یہاں آ رہے ہو اور یہ سب کچھ سارا محلہ دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مداح ان کے گھر کے برابر میں خالی گھر میں بیٹھتا تھا، اس لیے اسے کوئی بھگا بھی نہیں سکتا تھا، تاہم جب ان کے گھروالوں کو اس کے بارے میں معلوم ہوا، تو والد اور چچا نے اس کی چھان بین کرکے اس کے گھروالوں سے جا کر شکایت کی۔













لائیو ٹی وی