50 سے60 فیصد ڈاکٹر بیرون ملک جا رہے ہیں، قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں انکشاف

شائع October 7, 2025
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان کے 50 سے 60 فیصد ڈاکٹرز بیرون ملک جا رہے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق سینیٹر انوشہ رحمٰن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں بتایا کہ پاکستان میں تربیت پانے والے ڈاکٹرز کی بڑی تعداد ملک میں خدمات دینے کے بجائے غیر ممالک میں روزگار کو ترجیح دے رہی ہے اور پاکستان کے50 سے 60 فیصد ڈاکٹرز بیرونِ ملک جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سب سے زیادہ پاکستانی ڈاکٹرز آئرلینڈ جا رہے ہیں، جہاں انہیں پانچ ہزار یورو ماہانہ تنخواہ ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی ہجرت ملکی صحت کے نظام کے لیے خطرہ بن چکی ہے، اور اس سے سرکاری ہسپتالوں میں عملے کی شدید کمی پیدا ہو رہی ہے ۔

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے اجلاس میں بتایا کہ پاکستان میں سالانہ 22 ہزار ڈاکٹر تیار ہوتے ہیں، لیکن 25 کروڑ آبادی کے لحاظ سے یہ تعداد ناکافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین ڈاکٹرز کی بڑی تعداد تعلیم مکمل کرنے کے بعد پریکٹس نہیں کرتی، جس سے ہیلتھ سیکٹر میں دستیاب ماہر عملہ مزید کم ہو جاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے اعتراف کیا کہ ڈاکٹرز کی ہجرت اور عدم دستیابی صحت کے شعبے کے لیے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025