اداکارہ کی فحش ویڈیوز بنانے کے الزام میں بھارتی فلم ساز گرفتار
بھارتی پولیس نے اداکارہ کو بلیک میلنگ، معاوضہ نہ ادا کرنے، انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ان کی نامناسب ویڈیوز بنانے کےالزام میں کنڑا زبان کی فلموں کے ہدایت کار کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق کنڑا فلم میکر بی آئی ہمنت کمار کو بنگلورو پولیس نے 5 اکتوبر 2025 کو گرفتار کیا۔
فلم ہدایت کار پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک اداکارہ کو بلیک میل کیا، انہیں زبردستی شراب پلانے کی کوشش کی، انہیں نامناسب اور مختصر لباس پہننے پر مجبور کیا۔
پولیس نے فلم ساز کو گرفتار کرنے بعد عدالت میں پیش کیا، جسے عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا۔
ہمنت کمار کے خلاف 29 سالہ اداکارہ نے 4 اکتوبر کو شکایت درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا تھا فلم ساز نے 2022 میں خود کو پروڈیوسر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بتاتے ہوئے انہیں اپنی فلم میں مرکزی کردار کی پیشکش کی۔
اداکارہ کے مطابق 30 اپریل 2022 کو دونوں نے معاہدہ کیا، جس میں اداکارہ کو 2 لاکھ روپے معاوضہ دینے کی بات تھی لیکن ہمنت کمار نے شوٹنگ بار بار ملتوی کی اور انہیں نامناسب کپڑے پہننے کے لیے مجبور کیا جاتا، ان کے ساتھ بدتمیزی کی جاتی اور انہیں نامناسب انداز میں چھوا جاتا۔
اداکارہ نے بتایا کہ 23 اگست 2023 کو ہمنت کمار نے ممبئی میں فلم کی پروموشن کے لیے پریس کانفرنس رکھی، جہاں اداکارہ کو بھی بلایا گیا، جس کے بعد ڈنر کے دوران انہوں نے اداکارہ کو شراب پینے پر مجبور کیا۔
اداکارہ کے مطابق ان کے انکار پر انہیں کولڈ ڈرنک منگوا کر دی گئی، جس میں فلم ساز نے نشہ آور چیز ملائی، اداکارہ ڈرنک پینے کے بعد بے ہوش ہوگئیں۔
اداکارہ نے پولیس کو دی گئی درخواست میں دعویٰ کیا کہ ہمنت کمار نے ان کی رضامندی کے بغیر نامناسب ویڈیوز بنائیں، جنہیں ایڈٹ کرکے انہیں بلیک میلنگ اور جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے فلم ساز کے خلاف سول کورٹ میں بھی درخواست دائر کی اور عدالت میں بھی انہیں ریلیف ملا لیکن فلم ساز نے انہیں بلیک میل کرنا جاری رکھا۔
اداکارہ کی شکایت پر پولیس نے فلم ساز کے خلاف مقدمہ دائر کرکے انہیں گرفتار کیا، ان پر جنسی ہراسانی، ھوکہ دہی، دھمکی اور عورت کی بے عزتی کے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا۔
پولیس نے ہدایت کار کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا، جہاں انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔












لائیو ٹی وی