دوسری شادی منفرد تھی، دو طریقوں سے نکاح کیا، جویریہ عباسی

شائع October 9, 2025
— فوٹو: اسکرین گریب (یوٹیوب)
— فوٹو: اسکرین گریب (یوٹیوب)

سینئر اداکارہ جویریہ عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی دوسری شادی منفرد انداز میں انجام پائی، جس میں دو مختلف طریقوں سے نکاح کیا گیا۔

جویریہ عباسی نے حال ہی میں ’365 نیوز‘ کے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران اپنی بیٹی عنزیلہ عباسی اور اپنی دوسری شادی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

جویریہ عباسی کی بیٹی عنزیلہ عباسی نے مس یونیورس پاکستان 2024کے مقابلے میں حصہ لیا تھا اور وہ ٹاپ 21 امیدواروں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی تھیں، تاہم وہ یہ مقابلہ جیت نہیں سکیں۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب عنزیلہ عباسی نے 2024 مس یونیورس پاکستان کے مقابلے میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تو لوگوں نے بلاوجہ تنقید کی، تاہم وہ اپنی بیٹی کے ہر فیصلے میں اس کے ساتھ کھڑی رہیں۔

ان کے مطابق مس یونیورس ایک مثبت پلیٹ فارم ہے، جہاں پاکستان کی باصلاحیت لڑکیاں اپنی صلاحیتیں دنیا کے سامنے پیش کر سکتی ہیں۔

جویریہ عباسی نے وضاحت کی کہ عنزیلہ نے مقابلے میں برقنی پہنی تھی، لیکن لوگوں نے پھر بھی اعتراضات اٹھائے۔

اداکارہ نے اپنی دوسری شادی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا نکاح ایک منفرد تقریب تھی، جسے انہوں نے ’سُو-شی ویڈنگ‘ قرار دیا، یعنی سنی اور شیعہ روایات کا حسین امتزاج۔

ان کا کہنا تھا کہ نکاح دونوں مسلک کے طریقے سے ادا کیا گیا، جس سے یہ ایک ’ڈوئل نکاح‘ بن گیا۔

جویریہ عباسی کے مطابق شادی کی تقریب میں دونوں خاندانوں کی روایتی رسومات شامل تھیں، جنہوں نے تقریب کو مزید خوبصورت بنا دیا۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ اپنی نئی زندگی سے بہت خوش ہیں اور شوہر کے ساتھ اس نئے سفر کو لے کر پُراعتماد اور پُرجوش ہیں۔

یاد رہے کہ جویریہ عباسی نے مئی 2024 میں عدیل حیدر سے شادی کی تصدیق کی تھی، جب کہ ان کی پہلی شادی 1997 میں اداکار شمعون عباسی سے ہوئی تھی، جو 2007 میں طلاق پر ختم ہوگئی تھی، دونوں کے ہاں شادی کے دو سال بعد بیٹی عنزیلہ عباسی کی پیدائش ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 11 نومبر 2025
کارٹون : 10 نومبر 2025